سکھرمیں گدھا بان پر تشدد ، ایس ایچ او سمیت 2 اہلکار معطل
سکھر (نامہ نگار) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے سکھر دورے کے دوران سکیورٹی کی ڈیوٹی پر تعینات اے سیکشن پولیس کے اہلکاروں کی جانب سے غریب گدھا بان اور دیگر شہریوں پر تشدد کی خبروں پر ایس ایس پی سکھر تنویر حسین تنیو نے نوٹس لےتے ہوئے تھانہ اے سیکشن کے ایس ایچ او خالد میمن سمیت دو پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بدھ کے روز وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے سکھر دورے کے دوران سیکورٹی کو بہتر بنانے کے لئے سکھر کے اہم راستوں کو کئی گھنٹے پہلے ہی بند کردیا گیا تھا، اسی دوران بندر روڈ پر اے سیکشن تھانہ کے ایس ایچ او اور دو پولیس اہلکارگدھا بان اور دیگر شہریوں پر ٹوٹ پڑے اور ان کو شدید تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے زخمی کردیا۔ ایس پی ہیڈ کواٹر کو حکم دیا گیا کہ معاملے کی مکمل انکوائری کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ ایس ایس پی سکھر تنویر حسین تنیو کا کہنا ہے انکوائری رپورٹ میں مذکورہ اہلکار ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ایس ایچ او معطل