• news

سیلاب سے متاثرہ گھروں کی تعمیر کیلئے باقاعدہ سروے شروع کر دیا ہے: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعة الدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ جماعة الدعوة نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف و ریسکیو آپریشن کے بعد تعمیر وبحالی کا کام شروع کر دیا ہے، سیلاب سے متاثرہ گھروں کی تعمیر کیلئے باقاعدہ سروے کا آغاز کر دیا گیا ہے، جزوی طور پر تباہ ہونے والے گھروں کی مرمت کیلئے نقد رقوم بھی فراہم کی جارہی ہیں، مخیر حضرات تباہ شدہ گھروں کی تعمیر اور بحالی کے عمل میں بھرپور انداز میں حصہ لیں۔ مرکز القادسیہ چوبرجی میںجماعة الدعوة لاہور کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت کی طرف سے اچانک دریاﺅں میں چھوڑا جانے والا پانی کشمیر و پنجاب میں تباہی پھیلانے کے بعد سندھ میں داخل ہو چکا ہے۔لاکھوں ایکڑ زرعی زمین اور سینکڑوں دیہات زیر آب آچکے ہیں۔ متاثرین بچوں سمیت کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں۔ انہیں خیمے، راشن اور بچوں کیلئے خشک دودھ اور ادویات کی فی الفور ضرورت ہے۔ سیلاب زدہ علاقوںمیں ہزاروں خاندانوں میں راشن تقسیم کیاجاچکا ہے۔ متاثرین کے معمولات زندگی بحال ہونے تک یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ بھارتی آبی دہشت گردی سے پنجاب میں لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں برباد ہو گئیں۔ پانی اترنے پر وبائی امراض پھیل رہی ہیں۔ اس حوالہ سے ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ لاہور کے نواحی علاقوں سمیت سیالکوٹ، گوجرانوالہ، جھنگ، چنیوٹ، ملتان، مظفر گڑھ اور دیگر شہروں میں بڑے پیمانے پر خشک راشن کی تقسیم شروع کی گئی ہے۔ بھارتی آبی جارحیت کے نتیجہ میں حالیہ سیلاب سے لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئی ہیں جس سے کسان و زمیندار اپنی جمع پونجی سے محروم ہو کر رہ گئے ہیں لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ حکومت کی جانب سے بھارتی آبی دہشت گردی کے خلاف کوئی آواز بلند نہیں کی جارہی۔ بھارت کو پاکستانی دریاﺅں پر ڈیموں کی تعمیر سے نہ روکا گیا تو آنے والے دنوں میں اور زیادہ سنگین صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
حافظ سعید

ای پیپر-دی نیشن