پاکستان بھارت سے قدرتی گیس درآمد کرنے کےلئے قیمت کے فارمولے پر رضامند
لاہور (ثناءنیوز) پاکستان نے بھارت سے قدرتی گیس کی درآمد کے لئے قیمت کے فارمولے پر رضامندی ظاہر کردی،بھارت بین الاقوامی سپلائرز سے ایل این جی درآمد کر کے پاکستان کو فراہم کرے گا۔بھارتی جریدے کے مطابق بھارت کے وفد نے گذشتہ ماہ پاکستان کے دورے پر گیس کی قیمت کے تعین اور دیگر طریقہ کار کو حتمی شکل دے دی ہے، بھارت بین الاقوامی سپلائرز سے ایل این جی حاصل کرکے اسے گجرات کے ایل این جی ٹرمینل پر ری گیسیفائیڈ کرکے پاکستان کو برآمد کرے گا، بھارتی ذرائع کاکہنا ہے کہ گیس کی قیمت کا تعین ایک بڑی رکاوٹ تھی،جسے حل کر لیا گیا ہے۔سال دوہزار بارہ میں بھارت نے پاکستان کو پانچ سال کے لئے یومیہ پانچ ملین کیوبک میٹرز گیس برآمد کرنے کی پیشکش کی تھی، لیکن دونوں ملکوں کے درمیان قیمت کا تعین نہ ہوسکا، واضح رہے پاکستان میں توانائی کی قلت کے پیش نظر ایران،بھارت، ترکمانستان اور قطر سے بجلی اور گیس کی درآمد کے کئی منصوبے زیرغور ہیں۔
پاکستان / رضا مند