سکاٹ لینڈ کا معاملہ:بھارت بھی برطانیہ کی پیروی کرے، کشمیری رہنما
سری نگر (آن لائن) برطانیہ سے علیحدگی کے معاملے پر سکاٹ لینڈ میں ریفرنڈم کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے رہنماﺅں نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت بھی کشمیر میں ریفرنڈم کا وعدہ پورا کرے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ سکاٹ لینڈ میں ریفرنڈم ایک مثال ہے۔ برطانوی حکومت نے سیاسی جرا¿ت کا مظاہرہ کیا، کشمیر کی آزادی کی راہ ہموار ہوگی۔ کشمیر کا مسئلہ بھی اسی طرح پرامن طریقے سے حل ہوسکتا ہے، یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ لوگ پرامن طریقے سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کررہے ہیں۔ میر واعظ عمر فاروق نے امید ظاہر کی کہ بھارت اپنا رویہ تبدیل اور اس حقیقت کو تسلیم کرےگا کہ عوام کا حق جبر و تشدد سے دبایا نہیں جاسکتا۔ حریت کانفرنس کے ایک اور رہنما سید علی گیلانی نے سکاٹ لینڈ کے عوام کو رائے دہی کا حق دینے پر برطانیہ کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا اب برطانیہ کو بھارت پر دباﺅ ڈالنا چاہیے کہ وہ کشمیریوں کے لیے بھی ریفرنڈم کی منظوری دے۔ بھارت کو برطانیہ سے سبق سیکھنا چاہیے اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کا حق دینے کا وعدہ پورا کرنا چاہیے۔ دوسری طرف آزاد کشمیر میں حزب المجاہدین کے رہنما عزیز احمد غزالی نے بھی برطانیہ کی جانب سے سکاٹ لینڈ کے عوام کو اپنے مستقبل کا تعین کرنے کی آزادی کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا یہ ریفرنڈم ہماری تحریک آزادی کیلئے ایک رول ماڈل بنے گا۔ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سربراہ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ اس ریفرنڈم کے بعد بھارت کو خود کو جمہوری ملک قرار نہیں دینا چاہئے کیونکہ وہ کشمیری عوام کی رائے کا احترام نہیں کررہا۔
کشمیری رہنما