بلاول بھٹو زرداری الطاف حسین کو اپنا گرو سمجھتے ہیں: رحمن ملک
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سیاسی جرگے کے رکن رحمان ملک نے کہا ہے کہ دھرنے جتنے دن جاری رہیں گے ملکی معیشت کو نقصان ہوتا رہیگا، مایوسی گناہ ہے اچھے کی امید رکھنی چاہئے، مذاکرات میں تعطل کے باوجود سیاسی جرگے نے کام جاری رکھا، فریقین سے اپیل ہے آپس میں معاہدہ کریں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جرگے کی تجاویز پر عوام کو رائے دینی چاہئے، کوشش کر رہے ہیں مسائل کا حل نکلے۔ جرگے کی اگلی میٹنگ بدھ کو ہو گی۔ علاوہ ازیں رحمان ملک نے کہا نئے انتظامی یونٹس پر آج الطاف حسین سے بات کروں گا، بلاول بھٹو زرداری نے الطاف حسین کے بیان پر کوئی بیان نہیں دیا۔ بلاول بھٹو الطاف حسین کو اپنا گرو سمجھتے ہیں۔ ایک سوال پر کہا کہ ہم حکومت یا جج نہیں، دھرنوں کے خاتمے کیلئے ڈیڈ لاک ختم ہوگیا، مذاکرات کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہو گیا ہے۔ پیر کو سیاسی جرگہ عمران خان، طاہر القادری اور نوازشریف سے ملاقات کرے گا۔ ایک سوال پر کہا کہ جہاز میری وجہ سے تاخیر کا شکار نہیں ہوا ثابت ہو جائے تو سیاست چھوڑ دوں گا۔