• news

القاعدہ جنوبی ایشیا ایک دھوکہ، بھارتی مسلمانوں کی حب الوطنی پر سوال نہیں اٹھائینگے: مودی

واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ القاعدہ جنوبی ایشیا ایک سراب ہے اور بھارتی مسلمانوں کی حب الوطنی پر سوال نہیں اٹھایا جاسکتا۔ انہوں نے کہا یہ سوچنا ایک دھوکہ ہے کہ بھارت میں مسلم اقلیت خطے میں جہاد کیلئے القاعدہ کے احکامات کی پیروی کرے گی۔ مودی نے سی این این کے اینکر فرید زکریا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وہ لوگ بھارت کے مسلمانوں کے ساتھ ناانصافی کررہے ہیں۔ القاعدہ کو غلط فہمی ہے کہ بھارتی مسلمان اس کے اشاروں پر ناچیں گے۔ بھارتی مسلمان اپنے ملک کے لئے جئیں اور مریں گے اور وہ بھارت کے لئے کچھ برا نہیں چاہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم انتہا پسندی کسی ملک نہیں بلکہ پوری انسانیت کے خلاف ایک بحران ہے۔ ہمیں اس مسئلے کو انسانیت اور حیوانیت کے درمیان جنگ تصور کرنا ہوگا۔ القاعدہ رہنما کے حالیہ بیان پر ہم اپنی مسلم کمیونٹی پر کبھی بھی سوال نہیں اٹھائیں گے۔ شدت پسند تنظیم کی ویڈیو میں کہا گیا تھا کہ وہ جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کو ان حالات سے بچانا چاہتی ہے جو کچھ ان کے ساتھ گجرات میں ہوا یا جو کچھ کشمیر میں ہورہا ہے، وہ مسلمانوں کو انصاف دلوانا چاہتی ہے۔ نریندر مودی نے کہا کہ بھارت اور امریکہ فطری اتحادی ہیں اور مستقبل میں دنیا کی دو بڑی جمہوریتوں کے درمیان تعلقات بہتر ہوں گے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ گزشتہ سو سالوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات میں اتار چڑھائو آتے رہے ہیں۔ تاہم بھارت اور امریکہ تاریخ اور ثقافت کے لحاظ سے ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور مستقبل میں یہ اتحاد مزید گہرا ہوگا۔ یاد رہے مودی وزیراعظم بننے کے بعد پہلی مرتبہ اس ماہ امریکہ جارہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن