ظلم و دھاندلی کیخلاف دھرنے نے نئی تاریخ لکھ دی، شہداء کا خون جیت رہا ہے: پرویز الٰہی
اسلام آباد/ لاہور (ثناء نیوز) ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ طویل ترین دھرنے میں شریک ہماری بہنوں، بیٹیوں، بزرگوں، بھائیوں اور بیٹوں نے اپنی جرأت و ہمت اور ثابت قدمی سے پاکستان میں ظلم و ناانصافی اور دھاندلی کے خلاف نئی تاریخ لکھ دی ہے، پوری قوم آپ کیلئے دعا گو ہے، شہیدوں کا خون جیت رہا ہے اور جعلی و قاتل حکومت کے پائوں اُکھڑ چکے ہیں۔ وہ ڈاکٹر طاہرالقادری، علامہ ناصر عباس، چودھری ظہیرالدین، احمد یار ہراج اور دیگر رہنمائوں کے ہمراہ دھرنے کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا آپکی وجہ سے حکمرانوں کی گردن کا سریا ٹیڑھا ہو چکا ہے، جلد یہ سریا نکل جائیگا اور وہ انشاء اللہ فرش پر ہوں گے، غریب عوام کو ڈبو کر اور پاک فوج کے خلاف حکومتی سرپرستی میں بُرا بھلا کہنے کی شرمناک مہم سے بھی یہ دھرنے ختم نہیں کرا سکے بلکہ ہر جگہ ’’گو نوازگو‘‘ اور ’’گو شہبازگو‘‘ کے نعرے ہر جگہ ان کا پیچھا کرتے اور انہیں بھاگنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔ خادم اعلیٰ کے دعویدار نے معصوم و بے گناہ شہریوں پر اندھادھند فائرنگ کروا کر اور غریبوں کو سیلاب میں ڈبو کر یہ ثابت کر دیا ہے وہ قاتل اعلیٰ ہے، عوام ڈوب جائیں یا مارے جائیں دھاندلی کی پیداوار حکمرانوں کو عوام اور اس ملک سے کوئی ہمدردی نہیں، دھرنے کے شرکاء نے 36 روز تک انکے ہر حربے کو اللہ تعالیٰ کی مدد سے ناکام بنا کر ان کا غرور اور تکبر خاک میں ملا دیا ہے۔ پرویزالٰہی نے کہا یہ حکمران عوام کی توجہ اپنی غلط کاریوں اور مسائل سے ہٹانے کیلئے جو بھی کرتے ہیں وہ اُلٹا ان کے گلے پڑ جاتا ہے جیسا راولپنڈی میں محرم کی خونریزی میں اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنے کیلئے جنرل پرویزمشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کا سہارا لیا اور اب سیلاب کی پیشگی اطلاع کے باوجود عوام کو بچانے کیلئے کچھ نہیں کیا تاکہ دھرنوں سے عوام کی توجہ ہٹ جائے لیکن اب وہ جہاں بھی جاتے ہیں۔ متاثرین کے مخالفانہ نعرے ہیں ان نعروں سے بچنے کیلئے یہ کہاں جائیں گے۔ پاک فوج نہ صرف ہماری جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہے بلکہ سیلاب، زلزلہ سمیت ہر آفت میں عوام کو بچانے کیلئے سب سے پہلے پہنچتی ہے لیکن انہوں نے نہ صرف باہر بلکہ پارلیمنٹ میں سب سے زیادہ الزام تراشی اسی پاک فوج پر کی اور سے بُرا بھلا کہا جو وطن دشمنی ہے، دھرنے والوں کا جذبہ ان کی سوچ سے کہیں زیادہ ہے، ثابت قدمی سے تھوڑے دنوں میں مرکز اور صوبہ میں ان کی حکومتیں گرنے والی ہیں، یہ آپ کی جرأت اور قربانی کا نتیجہ ہے۔ وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور ان کے وزراء کے خلاف قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کے مقدمات قائم ہو رہے ہیں، یہ سینٹ اور قومی اسمبلی کا راستہ بھول چکے تھے اب ارکان کے پیچھے پیچھے پھر رہے ہیں، سب تبدیلی آپ کی وجہ سے ہے۔