پنجاب میں پیپلزپارٹی کی دوبارہ مقبولیت، بلاول اگلے ماہ مہم شروع کرینگے
لاہور (مبشر حسن/ دی نیشن رپورٹ) پیپلزپارٹی کے پیٹرن انچیف بلاول بھٹو زرداری جو ان دنوں پنجاب میں سیلاب متاثرین کے درمیان وقت گزار رہے ہیں اگلے ماہ پنجاب میں پارٹی کی غیر مقبولیت ختم کرنے کیلئے ’’پنجاب پر قبضے‘‘ کی مہم شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ گذشتہ انتخابات میں 272 میں سے پنجاب کی 148 نشستوں میں سے صرف 3 نشستیں پیپلزپارٹی کے حصے میں آئی تھیں۔ لاہور میں ایک اجلاس کے دوران بلاول نے پنجاب میں پارٹی کی واپسی کیلئے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء کے الیکشن میں پیپلزپارٹی بھی دھاندلی کا نشانہ بنی۔ اگلے ماہ وہ صرف دورہ کرنے کیلئے نہیں رہنے کیلئے لاہور آئینگے اور پارٹی کے تمام عہدیداروں اور سول سوسائٹی کے تمام حلقوں سے ملاقات کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی نے پنجاب کے غریب لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے بہترین حل پیش کیا ہے کیونکہ وہ کسی بھی دوسری پارٹی سے زیادہ عوام کو بااختیار بنانے کی بات کرتی ہے۔ بلاول ہاؤس میں میٹنگ کے دوران بلاول کا پی پی پنجاب کے سابقہ صدور اور پارٹی کے نئے عہدیداروں سے تعارف کرایا گیا۔ اس موقع پر پارٹی کے پرانے عہدیدار بھی موجود تھے۔