زبردستی جہاز سے اتارنے کی شکایت پر رمیش کمار کو خواجہ آصف نے جھاڑ پلا دی
اسلام آباد (آئی این پی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پی آئی اے کے عملے کی شکایت کرنے پر کراچی ائرپورٹ پر مسافروں کی جانب سے زبردستی جہاز سے اتارے جانے والے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار کو ڈانٹ پلادی۔ جمعہ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے اقلیتی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے جب وزیر دفاع خواجہ آصف کو اکیلا کرسی پر بیٹھا ہوا دیکھا تو کراچی ائرپورٹ پر پیش آنے والے واقعہ اور پی آئی اے حکام کی شکایت لگانے کیلئے ان کے پاس پہنچ گئے جیسے ہی انہوں نے اپنے بورڈنگ پاس دکھائے تو وزیر دفاع ان پر برس پڑے۔ رمیش کمار پچھلی نشستوں پر بیٹھے ہوئے وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کے پاس آکر بیٹھ گئے اور انہیں وزیر دفاع کے روئے اور بورڈنگ پاس دکھاکر شکایت لگاتے رہے۔