میر مرتضیٰ بھٹو کے قاتل ایک دن ضرور بے نقاب ہونگے: آصف زرداری
اسلام آباد (خبر نگار خصو صی) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے بھٹو خاندان کے چشم و چراغ میر مرتضیٰ بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میر مرتضیٰ بھٹو نے جلاوطنی کی سختیاں جھیلیں، اپنی والدہ اور ہمشیرہ کو مشکلات میں دیکھا، اپنے والد اور بھائی کی شہادت کے صدمے برداشت کئے لیکن ڈکٹیٹر سے کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے سے انکار کر دیا۔ میر مرتضیٰ بھٹو کو نہایت پر اسرار انداز میں ان کے اپنے گھر کے نزدیک 20ستمبر 1996ء کو شہید کر دیا گیا جو پولیس افسر اس قتل کے مقدمہ کی تحقیقات کر رہا تھا اُسے بھی پراسرار حالات میں قتل کر دیا گیا۔ میر مرتضیٰ بھٹو کا قتل ایک ایسا مذموم منصوبہ تھا جس کا مقصد ایک بھٹو کو قتل کرنا اور اس کے ساتھ ان کی ہمشیرہ محترمہ بینظیر بھٹو کی حکومت کو ختم کرنا تھا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ ان کا ایمان ہے کہ کوئی بھی بات ہمیشہ خفیہ نہیں رہتی اور وقت کا پہیہ پلٹے گا اور میر مرتضیٰ بھٹو کے قاتل نہ صرف بے نقاب ہوں گے بلکہ انہیں سزا بھی ملے گی۔ انہوں نے میر مرتضیٰ بھٹو کی روح کے ایصال ثواب اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام پانے کی دعا کی۔