بلدیاتی الیکشن سے متعلق درخواستوں پر ایڈووکیٹ جنرل، الیکشن کمشن سے معاونت طلب
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر اور امیدواروں پر آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کے عدم نفاذ کیخلاف درخواستوں میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور الیکشن کمیشن کو معاونت کیلئے طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل اور دیگر افراد کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کی طرف سے محمد اظہرصدیق نے بتایا سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات نہیں کرا رہی اور نہ ہی لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی دفعہ ستائیس کو ختم کیا گیا ہے جو بجلی اور ٹیکس چوروں کو بلدیاتی انتخاب لڑنے کی اجازت دیتا ہے۔ اس موقع پر عدالت نے کہا پارلیمنٹ ڈیفالٹروں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے رہی ہے تو پھر درخواست گزار کو کیا اعتراض ہے جس پر اظہر صدیق نے کہا آئین کا آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کہتا ہے کہ بجلی اور ٹیکس چور اور توہین عدالت کا مجرم کوئی بھی الیکشن نہیں لڑ سکتا۔ انہوں نے استدعا کی کہ پنجاب میں فوری بلدیاتی الیکشن کرانے اور لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی دفعہ ستائیس کو کالعدم کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے مزید سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کردی۔