نوازشریف نے 143 کرپشن کیسز ختم کرائے : طاہر القادری‘ فوج ہمارا ساتھ دے : شجاعت
اسلام آباد (ایجنسیاں) ڈاکٹر علامہ طاہر لقادری نے کہا ہے کہ انقلاب مارچ سے ملک میں ایک نئی تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے، ملک کا وزیر اعظم پارلیمنٹ میں ہی نہیں جاتا تھا، جب انقلاب مارچ شروع ہوا تو اس کو پارلیمنٹ میں جانا پڑا، حکمرانوں کو جلد دن میں تارے نظر آئیں گے، مشرف دور میں بجلی کی قیمت 3روپے فی یونٹ تھی، پیپلز پارٹی کے دور میں 7روپے ہوئی۔ دھرنے کے شرکاءسے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بہت لوگ آئین آئین پکارتے ہیں، کیا ان لوگوں نے کبھی آئین کو پڑھا بھی ہے؟ جس ایوان میں وہ کھڑے ہیں وہاں روزانہ آئین کی دھجیاں بکھیری جاتی ہیں، یہ کہتے ہیں کہ ہم آئین کے خلاف ہیں، ہم تو آئین کو مانتے ہیں جس میں تمام شہریوں کو برابر ی کے حقوق حاصل ہیں، امن و خوشحالی ہوتی ہے اور اقتدار عوام کی امانت ہوتا ہے۔ عوام اپنے یہی حقوق مانگ رہے ہیں اور آج ’گو نواز گو‘ اس قوم کا نعرہ بن چکا ہے، گزشتہ روز سابق وزیراعلیٰ خیبر پی کے نے بھی ’گو نواز گو‘ کا نعرہ لگا دیا ہے۔ نواز شریف اپنے خلاف کرپشن کے 143کیسز ختم کروا چکے ہیں اگر ان کا اقتدار باقی رہا تو ان کے خلاف ایک کیس بھی باقی نہیں بچے گا۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے پارلیمنٹ سے خطاب میں کوئی اچھی بات نہیں کی، فوج ہمارا ساتھ دے،دھرنے میں شامل ہونے والے بہادر لوگوں کو میں سلام پیش کرتا ہوں۔
طاہر القادری