”لندن سازش“ ناکام ہوگئی، عمران، قادری لوٹ جائیں، ملک آگے بڑھنے دیں: سعد رفیق
لاہور (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حکومت کی خواہش اور کوشش ہے کہ دھرنے کے شرکاءعید اپنے گھروں میں کریں لیکن دھرنے کے رہنما چاہتے ہیں کہ یہ عید اسلام آباد ہی میں کریں۔ لاہور پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق نے عمران خان اور طاہر القادری سے چار سوال کئے۔ انہوں نے کہا کہ میرا عمران خان سے سوال ہے کہ لندن میں انکی اور طاہر القادری کی ملاقات کا طاہر القادری نے اعتراف کرلیا وہ کیوں شرما رہے ہیں؟ دوسرا سوال یہ کہ ملاقات کا بندوبست کرانیوالے ملکی تھے یا غیرملکی اور انکا اس میں کیا مفاد تھا؟ تیسرا سوال ہے کہ عمران خان اپنے ساتھیوں کو چھوڑ کر اکیلے طاہر القادری سے ملاقات کیلئے کیوں گئے؟ جبکہ چوتھا سوال ہے کہ عمران اور طاہر القادری کے درمیان جو معاہدہ لندن میں ہوا اسے قوم کے سامنے کیوں نہیں لایا جا رہا؟ عمران کو جھانسہ دیا گیا تھا کہ دسمبر تک نئے الیکشن ہوجائیں گے اور انکے نتیجے میں وہ وزیراعظم ہوں گے جبکہ طاہر القادری کو گارنٹی دی گئی تھی کہ وہ ڈنڈے کے زور پر حکومت مفلوج کردیں تو اقتدار انکو سونپ دیا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم نوازشریف کا استعفیٰ لینے آئے تھے اور اب خود استعفیٰ دیکر کنٹینر پر بیٹھے ہیں۔ خیبر پی کے حکومت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کی خواہش ہے کہ وفاقی حکومت خیبر پی کے کی حکومت ختم کردے اور عمران خان کو گرفتار کر لے لیکن ہماری حکومت انکی یہ دونوں خواہشات پوری نہیں کریگی بلکہ خیبر پی کے میں انکی حکومت گرنے نہیں دیگی تاکہ وہ اپنی ٹرم پوری کریں اور جو تبدیلی لانا چاہتے ہیں لاسکیں۔ کالاباغ ڈیم کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ پاکستان چار اکائیوں پر مشتمل وفاق ہے، پاکستان صرف پنجاب کا نام نہیں جب تک سندھ، خیبر پی کے، بلوچستان کی اکثریت کالاباغ ڈیم کو قبول نہ کرے، اسے بنانے کا وفاق پاکستان کو نقصان پہنچے گا۔ منظم دھاندلی کا الزام حکومت کو مفلوج کرنے کی سازش ہے۔ عمران خان دھاندلی کے نام پر مسلسل غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔ سازشی عناصر پاکستان اور چین کو ایک دوسرے سے دور کرنا چاہتے ہیں۔ لندن سازش بری طرح ناکام ہوگئی۔ خان صاحب اور قادری سے گزارش ہے کہ واپس لوٹ جائیں، پاکستان کو آگے بڑھنے دیں، دھرنا دینے والے دھرنا متاثرین ہی بن گئے ہیں۔ دھرنوں نے ملکی معیشت کو 600 ارب کا ٹیکہ لگایا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں سعد رفیق نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے اپنے مقاصد حاصل کرلئے ہیں، تحریک انصاف چائے کی پیالی میں طوفان کھڑا کر رہی ہے۔
سعد رفیق