جھنگ: رشتہ کے تنازع پر مخالفین نے ماں بیٹی اور بیٹے پر تیزاب پھینک دیا، ہسپتال داخل
جھنگ+ شورکوٹ+ فیصل آباد (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) تھانہ وریام والا کے علاقہ قائم بھروانہ میں رشتہ کے تنازع پر مخالفین نے ماں، بیٹی اور بیٹے پر تیزاب پھینک دیا جنہیں طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جھنگ داخل کرا دیا گیا۔ تھانہ وریام والا کے علاقہ قائم بھروانہ میں رشتہ نہ دینے پر 2 نوجوان توصیف اور عصمت نے رات کے وقت ماں کے ساتھ سوئی شبنم بتول پر تیزاب پھینک دیا، 15 سالہ شبنم بتول نے حال ہی میں میٹرک کا امتحان پاس کیا ہے۔ شبنم بتول کے ساتھ ساتھ اسکی والدہ پر بھی تیزاب کے قطرے گرے جس سے اسکا چہرہ بھی شدید متاثر ہوا اور دونوں آنکھیں ضائع ہوگئیں اور باقی جسم کا 80 فیصد حصہ شدید متاثر ہوا۔ والدہ کے مطابق گزشتہ رات کو گیارہ بجے کے قریب اسلحہ سے لیس ملزمان توصیف اور عصمت دیوار پھلانگ کر اندر آئے اور ہم ماں بیٹی جو اکٹھی سوئی ہوئی تھیں، پر تیزاب پھینک دیا جس سے میرا چہرہ بھی متاثر ہوا۔ شور پر اسکا بیٹا انکو بچانے کیلئے آگے بڑھا تو ملزمان نے اس پر بھی تیزاب پھینک دیا جس سے اسکا چہرہ اور ہاتھ متاثر ہوئے جبکہ ملزم تاریکی کا فائدہ اٹھاتے فرار ہوگئے۔ پولیس نے ایک ملزم توصیف کو اگلی صبح ہی گرفتار کرلیا جبکہ دوسرے ملزم کی تلاش جاری ہے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق آر پی او فیصل آباد نے تھانہ وریام والا کا دورہ کیا اور ماں بیٹی پر تیزاب پھینکنے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ڈی پی او جھنگ کو چوبیس گھنٹے میں ملزم گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔ احسان طفیل آر پی او فیصل آباد ریجن نے قائم بھروانہ میں رشتہ نہ دینے کے تنازعہ پر ملزم عصمت اللہ کا اپنے ساتھی توصیف سے ملکر تیزاب سے بھری بوتل مسماۃ ممتاز مائی اور اسکی بیٹی شبنم عمر16/17سال پر پھینکنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او جھنگ کو مرکزی ملزم عصمت اللہ کی 24 گھنٹے کے اندر گرفتاری کیلئے ہدایات جاری کی ہیں۔ علاوہ ازیں مقامی پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے ایک ملزم توصیف کو گرفتار کرلیا ہے۔ آر پی او فیصل آباد نے ڈی پی او جھنگ کو جلد حقائق پر یکسوکرنے کی ہدایت کی ہے۔