وزیراعلیٰ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے غیراعلانیہ دورے شروع، انتظامیہ لاعلم رہی
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سیلاب متاثرہ اضلاع کے دور دراز دیہات میں جا کر امدادی و بحالی کی سرگرمیوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اچانک غیراعلانیہ دوروں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ گزشتہ روز وہ حافظ آباد کے علاقے ونیکے تارڑ پہنچے تو امدادی و میڈیکل کیمپوں کے معائنہ کے بعد نواحی دیہات کے دورے پر روانہ ہوئے لیکن راستہ میں انہوں نے ڈرائیور کو گاڑی کا رُخ موڑنے کا کہا وہ خراب سٹرک پر 15کلومیٹر کا سفر کر کے بیک یار محمد گائوں پہنچے۔ انتظامیہ وزیراعلیٰ کے اس دورے سے لاعلم رہی۔ وزیراعلیٰ کی گاڑی کی آمد پر سینکڑوں لوگ جمع ہوگئے اور وزیراعلیٰ کا اچانک دورہ عوامی اجتماع میں بدل گیا۔ شہبازشریف نے ایک گھنٹہ تک گائوں میں قیام کیا اور صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ متاثرین سے مسائل دریافت کئے۔شہبازشریف متاثرین میں گھل مل گئے۔