پاکستان میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز، عالمی ادارہ صحت نے 30 ستمبر کو اجلاس طلب کرلیا، مزید سفری پابندیوں کا امکان
کراچی (این این آئی) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے پاکستان میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے 30 ستمبر کو جنیوا میں اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں پاکستان پر مزید سفری پابندیاں لگنے کا فیصلہ کیا جائیگا۔ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی فوکل پرسن کریں گی۔ رواں سال پاکستان کے لئے پولیو کے حوالے سے بدترین سال قرار دے دیا گیا ہے کیونکہ پچھلے دو سال 2012-13 میں پولیو کے کیسز کی تعداد 151 تھی جبکہ رواں سال 10 مہینوں کے دوران 166 کیسز رپورٹ ہوئے۔ پولیو کیسز فاٹا، پشاور اور کراچی کے ان علاقوں سے سامنے آ رہے ہیں جہاں پر پولیو ٹیمیں پہنچ نہیں سکتیں اور وہاں پر سکیورٹی خدشات بھی موجود ہیں۔ پشاور میں دو پولیو کیسز سامنے آ گئے۔