• news

ایزی لوڈ پر چلنے والے لیڈر جعلی حکومت کو نہیں بچا سکتے: محمود الرشید

 لاہور ( این این آئی) قائد حزب اختلاف پنجاب و تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے ممبر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ ’’ایزی لوڈ‘‘ پر چلنے والے لیڈر اس جعلی حکومت اور جعلی جمہوریت کو نہیں بچا سکتے،فیصل آباد میں 4کروڑ روپے سے نصیبو لعل کاناکام شو منعقد کرنے والوں کو ہمارے دھرنے پر انگلی اٹھاتے ہوئے شرم آنی چاہیے،  ایک ہی سانس میں خیبر تا کراچی دھاندلی کی تصدیق اور حکومت کی حمایت کے اعلانات منافقت ہیں ، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قومی مسائل کا حل ڈھونڈنے کی بجائے شخصی اقتدار کو تحفظ دیا گیا ، گو نواز گو تحریک حکمرانوں کے گھروں تک پہنچ چکی۔  اخبار نویسوں سے  گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام تر تشدد اور بربریت کے باوجود ہمارے کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں، وہ ہر شام آگ اور خون کا دریا پار کرکے اپنے جرأت مند قائد عمران خان کا خطاب سننے ڈی چوک پہنچتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے نام نہاد حکومت اور جمہوریت کا کھوکھلا پن بے نقاب کر دیا، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قومی مسائل پر بحث کی بجائے ایک میڈیا ہائوس کو پروجیکٹ کیا گیا،انہوں نے کہا کہ آنیوالے دنوں میں حکمران ہوش اڑا دینے والے حالات اور واقعات کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں۔

ای پیپر-دی نیشن