فلڈ اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس کے شرکاء کی سیلاب متاثرین کو دیئے جانے والے کھانے سے تواضع، شہباز شریف نے رغبت سے کھانا کھایا، معیار کی تعریف
لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے سیلاب اور کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کے مشترکہ اجلاس کے دوران شرکاء کو لنچ میں وہی کھانا دیا گیا جو وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کو دیا جاتا ہے۔ تین گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ شہبازشریف، صوبائی وزرائ، ارکان اسمبلی اور صوبائی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے مرغ چنے اور سادہ روٹیوں پر مشتمل لنچ کیا اور وزیراعلیٰ نے انتہائی رغبت سے کھانا کھایا اور کھانے کے معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ یہی کھانا مصیبت زدہ بہن بھائیوں کا حق ہے اور مجھے خوشی ہے کہ متاثرین کو اچھا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ اس کھانے کی فی کس لاگت40روپے آرہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے حاجی نواز اور انتظامیہ کو سیلاب متاثرین کو اچھا کھانا فراہم کرنے پر مبارکباد اور شاباش دی۔