اسلامی نظام کے لئے23 نومبر سے دوبارہ تحریک پاکستان شروع کریں گے: سراج الحق
لاہور (پ ر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم مینار پاکستان سے دوبارہ تحریک پاکستان کا آغاز کریں گے اور اسے پاکستان کی حقیقی منزل اسلامی انقلاب تک پہنچا کر دم لیں گے۔ پاکستان ایک نظریے عقیدے کا نام ہے اسے اپنی پہچان دیں گے۔ اسلام آباد میں دن کو مسلم لیگ (ن) اور رات کو دھرنے والوں کی حکومت ہوتی ہے۔ ہم نے فریقین کو تجاویز دی ہیں فیصلہ نہیں سنایا۔ بلوچستان کے نوجوانوں کو منا کر واپس لائیں گے اور قومی دھارے میں شامل کریں گے۔ خیبر بازار پشاور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں کہا کہ بعض جاگیر داراور وڈیرے عوام کو بھیڑ بکریوں سے زیادہ اہمیت دینے کو تیار نہیں، حکمرانوں کے ظلم و جبر نے غریب کی زندگی اجیرن کردی ہے، غریبوں کے پھول جیسے بچے تعلیم حاصل کرنے کی عمر میں ہوٹلوں میں گندے برتن دھونے اور سائیکلوں کی دکانوں پر پنکچر لگانے پر مجبور ہیں، 68 سال سے یہاں غریب کا استحصال ہو رہا ہے، غریب کے گھر لاکھوں روپے کا بل بھیج دیا جاتا ہے اور جب وہ اسے ادا نہیں کرسکتا تو اس کا میٹر کاٹ دیا جاتا ہے جبکہ ایک مل اونر کے کروڑوں روپے کے بل معاف کر دیئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں میں جاگیرداروں، سرمایہ داروں اور اشرافیہ کے چشم و چراغ ہی نظر آتے ہیں، غریب کا بیٹا اقتدار کے ایوانوں میں قدم نہیں رکھ سکتا۔ انہوں نے کہا لاکھوں پڑھے لکھے نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں پکڑے روز گار کی تلاش میں مارے مارے پھرتے ہیں مگر قومی اداروں پر قابض ٹولہ ان کو روزگار اور دووقت کی روٹی کمانے کا موقع دینے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا جماعت اسلامی ظلم و جبر کے اس نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے کراچی سے چترال تک قوم کو متحد کریگی اور تحریک پاکستان کے جذبے سے ہم دوبارہ نظریہ پاکستان کے تحفظ کیلئے بڑی قومی تحریک چلائیں گے۔ سراج الحق نے کہا اسلام آباد عوام کے محاصرے میں ہے، بڑے بڑے بنگلوں میں بیٹھے عوام کے نام نہاد خیر خواہ تھر تھر کانپ رہے ہیں اگر اس نظام کی بساط لپیٹ دی گئی تو ہمارا کیا بنے گا۔ انہوں نے کہا عوام تنگ آمد بجنگ آمد کی تصویر نظر آتے ہیں، حکمرانوں نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا اور عوام کا استحصال جاری رکھا تو غریبوںکے ہاتھ ان کی گردنوں تک پہنچنے میں دیر نہیں لگے گی۔ انہوں نے کہا جماعت اسلامی 21 تا 23 نومبر مینار پاکستان کے سبزہ زار میں لاکھوں عوام کو اکٹھا کرے گی اورملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کی تحریک چلائے گی۔