• news

پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات الیکشن کا حقائق نامہ جاری کریگی، ضروری ریکارڈ طلب

اسلام آباد (ثناء نیوز) پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات نے 2013ء کے عام انتخابات کے بارے میں حقائق نامہ شائع کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔ اس بارے میں الیکشن کمشن سے تمام ضروری ریکارڈ طلب کرلیا گیا ہے۔ اضافی بیلٹ پیپرز کی اشاعت سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے الزامات کا جواب دینے کے لئے بھی کمیٹی کی سطح پر تیاری ہورہی ہے۔ آئندہ اجلاس کا ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔ 29 ستمبرکو ڈی جی  پرنٹنگ کارپوریشن بیلٹ پیپرز کی اشاعت کے معاملے پر بریفنگ دیں گے۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی پرنٹنگ کارپوریشن کو آئندہ اجلاس  میں شرکت  کا  نوٹس بھیج دیا گیا۔ ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اضافی بیلٹ پیپرز کی اشاعت کے الزامات کے حوالے سے کمیٹی میں وضاحت پیش کریں الیکشن کمشن سے آئندہ اجلاس میں 2013ء کے عام انتخابات پر فیکٹ شیٹ مانگی گئی ہے۔ انتخابات پر اٹھنے والے سوالات کے جوابات کے حوالے سے انتخابی حقائق نامہ مانگا گیا ہے۔ انتخابی حقائق نامہ عوام کی معلومات کے لیے شائع کیا جائے گا۔ انتخابی اصلاحات کمیٹی نے متعلقہ ادارے سے مقناطیسی سیاہی کے معیار اور مقدار پر سوالات پوچھے ہیں۔ حقائق نامہ کی روشنی میں شفاف آزادانہ اور منصفانہ انتخابی عمل کیلئے اصلاحات متعارف کروائی جائیں گی۔ آئندہ اجلاس میں بھی سیکرٹری الیکشن کمشن، نادرا اور پاکستان کی سائنسی اورصنعتی تحقیق کونسل، پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کے نمائندگان شریک ہونگے۔ بیلٹ پیپرز کی اشاعت، ان کی تعداد و ترسیل، مقناطیسی سیاہی اور پیڈ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ یاد رہے مقناطیسی سیاہی متنازعہ بننے کی وجہ سے بھی انتخابات کی شفافیت متاثر ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن