چینی کمپنی کے ساتھ کوئلے کی میکنیکل مائننگ کے لئے معاہدہ، سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے نوجوانوں کو مقامی طور پر روزگار دیں گے: شہباز شریف
لاہور (خبرنگار) پنجاب حکومت اور چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے مابین سالٹ رینج میں مقامی کوئلے کی مکینیکل مائیننگ کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر گذشتہ روز دستخط ہوئے۔ مفاہمتی یادداشت پر پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری معدنیات ڈاکٹر ارشد محمود جبکہ سی ایم ای سی کی جانب سے نائب صدر لی جنگ کائے نے دستخط کئے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف ماڈل ٹائون میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ معاہدے کے تحت چین کی معروف کمپنی سالٹ رینج میں کوئلے کی جدید انداز سے مکینیکل مائننگ کرے گی۔ پنجاب حکومت اور سی ایم ای سی جدید مائننگ کے ساتھ مقامی کوئلے کی ڈویلپمنٹ اور اس کے اکنامک استعمال کے لئے ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔ مینول کی جگہ جدید مکینیکل طریقہ کار سے حاصل ہونے والے کوئلے کو سی ایم ای سی مجوزہ پاور پلانٹس کے لئے زیراستعمال لائے گی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب حکومت اور سی ایم ای سی کے مابین مفاہمتی یادداشت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی سٹریٹجک شراکت داری میں بدل چکی ہے۔ چین کی متعدد کمپنیاں توانائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ پنجاب میں 600 ملین ٹن کوئلے کے ذخائر موجود ہے جنہیں توانائی کے شعبہ میں استعمال کیا جا سکتا ہے اور اس ضمن میں چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن سے مقامی کوئلے کی جدید طریقے سے کان کنی کے حوالے سے معاہدہ خوش آئند ہے۔ چینی کمپنی سے معاہدے سے مقامی کوئلے کو توانائی کے شعبے میں استعمال میں لایا جا سکے گا۔ اس موقع پر چیئرمین سی ایم سی سن بائی نے کہا کہ چینی کمپنی پنجاب میں مقامی کوئلے کی مکینیکل مائننگ اور اس سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ لگانے میں بھرپور تعاون کرے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے نوجوانوں کو مقامی طورپر روزگار فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لئے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں بحالی کے کاموں میں مقامی نوجوانوں کو شامل کر کے باعزت روزگار فراہم کیا جائے گا تاکہ ناصرف مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آسکیں بلکہ وہ اپنے خاندان کی کفالت کا فریضہ بھی پورا کرسکیں۔ وہ گذشتہ روز کابینہ کمیٹی برائے سیلاب اور کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔ وزیراعلیٰ نے ویڈیو لنک کے ذریعے ضلع حافظ آباد میں امدادی اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ شہبازشریف نے کہا کہ سیلاب متاثرہ خاندانوں کو نقصانات کے معاوضے کی ادائیگی کی پہلی قسط اسی ماہ کے آخر تک دی جائے گی اور اس ضمن میںتمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں جبکہ گھروں، فصلوں اورمویشیوں کے نقصان کیلئے سروے کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے گا، سروے مکمل طورپر شفاف اور مستند ہوگا۔ تمام امور کی نگرانی کیلئے صوبائی سطح پر مانٹیرنگ کمیٹی دے دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جن علاقوں میں ابھی تک پانی کھڑا ہے وہاں پر 30ستمبر تک پانی کا اخراج یقینی بنایا جائے ۔ سیکرٹری آبپاشی اور سیکرٹری زراعت پانی کے اخراج کے حوالے سے ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں سلٹ کو دور کرنے کے حوالے سے منصوبہ بندی کی جائے۔ 30ستمبر تک آبپاشی کا تمام نظام پوری طرح بحال ہوجانا چاہیے۔ پنجاب کے تمام سیلاب زدہ علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کے کام کو اگلے 7 روز میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مدر اینڈ چائلڈ کیئر پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ متاثرہ سڑکوں، سکولوں، صحت کے مراکز اور دیگر سہولتوں کی جلد سے جلد بحالی کو یقینی بنایا جائے۔ منتخب نمائندے اور انتظامیہ محنت اور لگن سے کام کریں۔ مجھے صرف نتائج چاہئیں، مصیبت زدہ بھائیوں کی خدمت کرنے والے ہی عہدوں پر رہنے کے حقدار ہیں۔ غلط اعدادوشمار دینے والے افسروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میںلائی جائے گی۔ ضلع کی سطح پر ویب سائٹ کے اجرا کے حوالے سے تمام اضلاع کو علم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی ویب سائٹ کو اپ ڈیٹ رکھا جائے ۔کہیں غفلت کی شکایت ملی توسخت ایکشن لوں گا۔ عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ ،سبزیوں اور پھلوں کی مناسب داموں فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ کابینہ کمیٹی اشیاء کی وافر فراہمی اورقیمتوں میں استحکام کیلئے اپنی ذمہ داریاں فعال طریقے سے سرانجام دے۔ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ محکمہ آبپاشی نے 6نہروں کو بحال کردیا ہے، باقی نہریں بھی جلد بحال کردی جائے گی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے سابق ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے ظہیر عباس کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مقامی اخبار کے ایڈیٹر میاں حبیب اللہ کے سسر کے انتقال پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔