ایشین گیمز ہاکی : پاکستان نے چین کو 2-0 سے شکست دیدی
انچیون (چودھری اشرف/ سپورٹس رپورٹر) ایشین گیمز 2014ءمیں دفاعی چیمپئن پاکستان ہاکی ٹیم نے اپنے دوسرے میچ میں چین کی ٹیم کو دو صفر سے شکست دیدی ہے۔ سیونہاک ہاکی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کی جانب سے عبدالحسیم خان اور دلبر نے ایک ایک گول سکور کیا۔تیسرے کوارٹر میں حسیم خان نے بال کو جال کی راہ دکھائی ۔ آخری کوارٹر میں میچ ختم ہونے سے پانچ منٹ قبل محمد دلبر نے فیلڈ گول کر کے مقابلہ میں پاکستان کو فیصلہ کن برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ ٹیم کے ہیڈ کوچ شہناز شیخ نے بتایا کہ چین کے خلاف حکمت عملی پہلے سے تیار کر رکھی تھی جس میں ہماری کوشش تھی کہ چائنیز ٹیم کے خلاف میچ میں شروع ہی سے اٹیک کر کے حریف ٹیم پر اپنی برتری قائم کر لیتے جس میں پہلے دو کوارٹر میں ہمارے کھلاڑیوں نے دو سے تین یقینی گول مس کر دیئے۔ اگر وہ گول ہو جاتے تو میچ کا نتیجہ کچھ اور ہونا تھا۔ بھارت کے خلاف اگلے میچ کے لیے بہتر حکمت عملی کے تحت میدان میں اتریں گے۔ اپنے 10 سالہ کیرئر میں بھارت کے ہاتھوں کبھی نہیں ہارا ہے کھلاڑیوں کو بتا دیا ہے کہ وہ پوری قوت کے ساتھ بھارت کو شکست دینے کے لیے میدان میں اتریں۔ہم پر بھارت کا کوئی دباو نہیں ہے۔ ٹورنامنٹ میں دیگر کھیلے جانے والے میچز میں ملائیشیا نے بنگلہ دیش کو 5-1 سے مات دی۔ جبکہ بھارت نے سری لنکا کو 8-0 سے زیر کیا۔ چوتھے اور آخری میچ میں کوریا نے سنگاپور کو ہرا دیا۔