• news

سعودی عرب: بغیر اجازت حج کیلئے آنیوالے 24 ہزار افراد کو واپس بھیج دیا گیا

مکہ مکرمہ (اے پی پی) سعودی عرب کے حکام نے اجازت کے بغیر حج کیلئے آنے والے 24 ہزار سے زائد افراد کو واپس بھیج دیا۔ سعودی اخبار کی رپورٹ کے مطابق طائف اور گرد و نواح کے علاقوں میں سکیورٹی چیک پوائنٹس پر 24 ہزار ایسے عازمین حج کو واپس کیا گیا جن کے پاس حج کیلئے اجازت نامہ نہیں تھا۔ طائف پولیس کے سربراہ نے بتایا کہ رواں سال چیک پوائنٹس پر پہلے سے ہی حفاظتی انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں تاکہ اجازت کے بغیر آنے والے حاجیوں کو روکا جا سکے۔ دریں اثناءمسجد الحرام کے امام نے تمام مسلمانوں سے کہا ہے کہ وہ حج کے تقدس کا خیال رکھیں اور اس موقع پر سیاسی نعرے بازی اور مظاہروں سے گریز کیا جائے۔ شیخ عبدالرحمان السدیس نے مسجد الحرام میں خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ مسجد الحرام میں حج کے موقع پر سیاسی نعرے بازی، فرقہ وارانہ بنیادوں پر اجتماعات کا انعقاد ممنوع ہیں اور اس کیلئے اسلام میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسلمانوں کو حج کے تقدس کا خیال رکھنا چاہئے۔
سعودی عرب

ای پیپر-دی نیشن