• news

ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری‘ حکومت اور فوجی قیادت میں ہم آہنگی کا اظہار

اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کیلئے روانگی سے قبل پیر کو 6میجر جنرلوں کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دینے اور لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کی بطور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی کی تقرری کے احکامات جاری کرکے اس تاثر کو تقویت دی ہے کہ وزیراعظم اور آرمی چیف ایک ہی ”صفحہ“ پر ہیں حکومت اور فوجی قیادت کے درمیان اہم قومی ایشوز پر ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔اعلیٰ سطح پر عسکری قیادت میں ترقی و تقرریوں سے عسکری افق واضح ہوگیا ہے۔حکومت نے کسی جرنیل کی مدت ملازمت میں توسیع نہیں کی بلکہ خالی ہونیوالے عہدوں پر ایک ہفتہ سے سوا ماہ قبل کی مدت میں تقرر کے بعد ملک میں کی جانیوالی قیاس آرائیاں دم توڑ گئی ہیں۔فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے موجودہ سیاسی بحران میں فوج کو سیاست کی آلودگی سے دور رکھ کر قومی حلقوں میں اپنی عزت و توقیر میں اضافہ کیا ہے۔پچھلے ایک ماہ سے زائد عرصہ کے دوران فوج کی طرف اٹھنے والی انگلیاں رک گئی ہیں۔ ماورائے آئین اقدام کی خواہش رکھنے والے عناصر کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑیگا۔ آنیوالے دنوں میں حکومت اور فوج کے درمیان مزید قریبی روابط کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ نوازشریف اہم قومی امور میں عسکری قیادت کی سٹیک ہولڈر کی حیثیت کو بھرپور انداز میں تسلیم کریں گے اور باہمی مشاورت سے حکومت اور فوج کے درمیان فاصلے پیدا نہیں ہونے دیں گے۔
ایک صفحہ

ای پیپر-دی نیشن