6 میجر جنرل‘ لیفٹینٹ جنرل بنا دیئے گئے‘ گوجرانوالہ‘ پشاور‘ منگلا اور کراچی کے کور کمانڈر تعینات‘ رضوان اختر ڈی جی آئی ایس آئی مقرر
اسلام آباد/کراچی(سٹاف رپورٹر +ایجنسیاں) پاک فوج کے 6میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر اہم عہدوں پر تعینات کر دیا گیا، لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کو نیا ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا ہے، لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ کو آئی جی سی اینڈ آئی ٹی، لیفٹیننٹ جنرل غیور محمود کو کور کمانڈر گوجرانوالہ، لیفٹیننٹ جنرل میاں ہلال حسین کو کور کمانڈر منگلا، لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن کو کور کمانڈر پشاور اور لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کو کور کمانڈر کراچی تعینات کردیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج کے ترقی پانے والے 6میجر جنرلز میجر جنرل رضوان اختر، میجر جنرل میاں محمد ہلال حسین، میجر جنرل غیور محمود، میجر جنرل نذیر احمد بٹ، میجر جنرل نوید مختار اور میجر جنرل ہدایت الرحمن شامل ہیں۔ موجودہ کور کمانڈر پشاور خالد ربانی، کور کمانڈر منگلا طارق خان، کور کمانڈر کراچی سجاد غنی، کور کمانڈر گوجرانوالہ سلیم نواز اکتوبر میں ریٹائر ہونگے۔ ان ترقیوں اور تقرریوں کی منظوری وزیراعظم نوازشریف نے آرمی چیف کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر دی ہے۔ وزیراعظم کو یہ سمری وزارت دفاع کے ذریعے بھیجی گئی تھی۔ لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر 8نومبر کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ وہ گذشتہ ہفتے ڈی جی سندھ رینجرز کے عہدے سے سبکدوش ہوئے تھے اور انہیں پیر کو میجر جنرل کے عہدے سے ترقی دے کر لیفٹیننٹ جنرل مقرر کیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر سندھ رینجرز کے سربراہ کے طور پر کراچی میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائیاں کر چکے ہیں۔ ان کی فوج میں شہرت ایک ایسے افسر کے طور پر ہے جو غیر سیاسی نظریات کی وجہ سے غیر جانبدار ہے اور مختلف ذمہ داریاں بغیر پیچیدگیوں کے ادا کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کا مزاج انہیں سویلین انتظامیہ، خاص طور پر قانون نافذ کرنے والے سویلین اداروں کے ساتھ کام کرنے میں بہت سہولت فراہم کرتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس آئی