ملتان: جاوید ہاشمی آج کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے، 8 امیدوار جمع کرا چکے‘مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی کا کسی کو ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ
ملتان (نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) این اے 149ملتان سے ضمنی انتخابات کیلئے جاوید ہاشمی آج کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔ اب تک کاغذات نامزدگی 8 امیدواروں نے جمع کرائے ہیں جبکہ 51 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول کئے تھے۔ مزید برآں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے جاوید ہاشمی کیلئے نشست اوپن کر دی۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے جاوید ہاشمی کے مقابلے میں مسلم لیگ (ن) اور پی پی کسی کو ٹکٹ نہیں دیں گے۔ حمزہ شہباز کی صدارت میں مسلم لیگ (ن) ملتان کے عہدیداروں کے اجلاس میں حلقہ اوپن کر دیا گیا۔ شیخ طارق جو پچھلے دو الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی طرف سے حلقہ 149کے امیدوار تھے، انہوں نے بتایا پارٹی فیصلے کی پابندی کرتے ہوئے الیکشن میں حصہ نہیں لے رہا جبکہ ملتان سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پیپلزپارٹی نے جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری ملک عامر ڈوگر کو پارٹی ٹکٹ دینے سے انکار کر دیا ہے تاہم ملک عامر ڈوگر نے آج اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ نمائندہ نوائے وقت کے رابطہ کرنے پر ملک عامر ڈوگر نے اس بات کی تصدیق کی۔ پارٹی نے انہیں ٹکٹ جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے تاہم وہ ضمنی الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ضمنی الیکشن