• news

حکومت، دھرنے والے مصالحت کی طرف آ جائیں، مارشل لاءلگا تو بہت نقصان ہو گا: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ ایجنسیاں) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت اور دھرنے والے مسئلے کے پُرامن حل اور مصالحت کی طرف آجائیں، آئندہ الیکشن جاگیرداروں، وڈیروں، پیسے والوں اور کرپٹ لوگوں کا نہیں، اللہ والے لوگوں کا ہوگا، اگر برسراقتدار آئے تو قوم کی دولت کرپٹ لوگوں سے چھین کر قومی خزانے میں جمع کرا دیں گے، تعلیمی نظام اور تمام امتحانات قومی زبان اردو میں ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز اسلامی پشاور میں الخدمت فاو¿نڈیشن کے زیراہتمام 25 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا اب تک ہم چالیس میٹنگز کرچکے ہیں۔ ہمیں خطرہ ہے کہ کہیں ناخوشگوار حادثہ نہ ہوجائے اور آئین ختم نہ جائے اور تصادم کے نتیجے میں رہی سہی جمہوریت کا بھی خاتمہ نہ ہو جائے، اگر ملک میں مارشل لاءآگیا تو بہت بڑا نقصان ہوگا، فوجی آمروں کے دور میں ملک کو بہت نقصان پہنچا، ملک دو لخت ہوا، قومیتوں کے جھگڑے، مذہبی اور لسانی تفرقات پیدا ہوئے، انہوں نے کہاکہ ہم فقیر اور درویش لوگ ہیں لیکن ہم خلوص، محبت اور پاکستان اور عوام کے مفادات کی بات کرتے ہیں ۔ حکومت ، تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے درمیان 80فیصد مسائل پر اتفاق ہوچکا ہے۔ جو مسائل باقی ہیں ان کو باوقار طریقے سے حل کرلیں گے۔ ہم نے سب کو تجاویز دی ہیں، ہمت نہیں ہاری۔ امید ہے فریقین کو آمادہ کرلیں گے۔ انہوں نے لاہور کے ایک سکول میں 2013ءکے انتخابی ریکارڈ کے پراسرار طور پر جلنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں جب کہ دھاندلی کے خلاف احتجاج جاری ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو 2013ءکے انتخابات کے نتائج پر تحفظات ہیں، ریکارڈ جلائے جانے سے کئی سوالات نے جنم لیا ہے۔ انہوں نے واقعے کی سپریم کورٹ کے جج سے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن