• news

نواز شریف کیخلاف توہین عدالت کا مقدمہ پشاور سے کسی اور ہائیکورٹ منتقل کیا جائے: سپریم کورٹ میں درخواست

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وزیراعظم کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں زیر سماعت توہین عدالت کا مقدمہ منتقل کرنے کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔ درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ فی الفور پشاور ہائیکورٹ سے کسی دوسری ہائیکورٹ میں منتقل کردیا جائے۔ درخواست گزار شاہد اورکزئی نے موقف اختیار کیا ہے کہ جس وقت وزیراعظم کی توجہ بظاہر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس پر مرکوز تھی، درپردہ وہ پشاور میں جاری مقدمہ قتل کی کارروائی میں مداخلت کررہے تھے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ آخر وزیراعظم کو کسی مقدمہ قتل کی کارروائی پر مبینہ طور پر نظر رکھنے کی کیا ضرورت ہے۔ درخواست گزار نے کہا ہے کہ اس کا مقصد وزیراعظم کا استعفیٰ ہرگز نہیں بلکہ انہیں توہین عدالت کے جرم میں سزا دلانا ہے اگرچہ قانون ان کو سزا سے بچنے کے لئے معافی کا موقع دیتا ہے لیکن ان کی معافی پشاور ہائیکورٹ میں ان کی مجرمانہ مداخلت کا اعتراف بھی ہوگی اور وزیراعظم کا اصل چہرہ عوام اور پارلیمنٹ کے سامنے آجائے گا۔ شاہد اورکزئی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ میجر خالد اورکزئی کے قتل کی وجہ ہارس ٹریڈنگ کا وہ تنازعہ ہے جس کے لئے نواز شریف نے ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے فراہم کئے تھے۔ اس کیس کا فیصلہ جسٹس وجیہہ الدین نے اس وقت دیا تھا جب وہ سپریم کورٹ کے جج تھے۔
وزیراعظم/ توہین عدالت

ای پیپر-دی نیشن