• news

دھرنے جمہوریت ڈی ریل کرنے کیلئے دئیے جا رہے ہیں، بھارت کنٹرول لائن پار کے سیلاب متاثرین تک رسائی دے: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی

مظفر آباد (اے ایف پی) آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی نے بھارت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ لائن آف کنٹرول کھول کر مقبوضہ کشمیر کے سیلاب متاثرین تک ریسکیو حکام کو رسائی دے۔ 49 ارکان پر مشتمل قانون ساز اسمبلی نے منظور کی گئی قرارداد میں کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور بھارت سے رابطہ کر کے ایل او سی کھلوائے اور آزاد کشمیر کو وہاں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے امدادی سامان پہنچانے کی اجازت دی جائے۔ اقوام متحدہ عالمی ایجنسیوں کو مقبوضہ کشمیر کے متاثرین کی امداد کیلئے بھیجے۔ واضح رہے کہ سیلاب سے زیادہ تر سرینگر میں تباہی ہوئی جہاں ہزاروں افراد اپنے گھروں سے محروم ہو گئے۔ قانون ساز اسمبلی نے اسلام آباد کے ڈی چوک پر جاری دھرنوں کے خلاف قراردادیں منظور کیں۔ یہ دھرنے ملک میں جمہوریت ڈی ریل کرنے کے لئے کئے جا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن