قادری پر حملے کی جوڈیشل رپورٹ نہ ملنے پر ہائیکورٹ کا اظہار تشویش
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ڈاکٹر طاہر القادری کی تقریروں پر پابندی کے لئے درخواست پر دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ فاضل فل بنچ نے طاہر القادری پر قاتلانہ حملے کی23 برس پرانی جوڈیشل کمشن کی رپورٹ کی عدم دستیابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہوم سیکرٹری پنجاب اور رجسٹرار ہائیکورٹ کو ہدایت کی آئندہ سماعت پر انکوائری رپورٹ لازمی پیش کی جائے۔ لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے شہریوں امجد اور اعجاز کی عوامی تحریک پر پابندی کی درخواست پر سماعت کی، وفاقی حکومت کی طرف سے طاہر القادری کی حالیہ اشتعال انگیز تقاریر کا ریکارڈ عدالت میں جمع کر ادیا گیا۔ درخواست گزار کے وکیل فہد احمد صدیقی نے کہا طاہر القادری کی تقریریں ماڈل ٹائون میں چودہ افراد کی ہلاکت کی وجہ بنیں۔ ایڈووکیٹ جنرل حنیف کھٹانہ اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ملک عبدالعزیز اعوان نے بتایا طاہر القادری پر 1990ء میں ہونے والے قاتلانہ حملے کی جوڈیشل کمشن کی رپورٹ ہوم ڈیپارٹمنٹ میں تلاش کے باوجود نہیں مل سکی۔