پی پی 162، ضمنی انتخاب میں وزیراعلیٰ، وفاقی وزراء اور لیگی ارکان کی مداخلت کیخلاف دائر درخواستیں لاہور ہائیکورٹ نے خارج کر دیں
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پی پی 162 شیخوپورہ کے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم میں وزیر اعلیٰ پنجاب، وفاقی وزراء اور مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی کی مداخلت کیخلاف دائر دو درخواستیں خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ درخواست گزار کو پہلے الیکشن کمشن سے رجوع کرنا چاہئے۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس اعجازالاحسن نے پی پی 162سے آزاد امیدوار عثمان نثار کی طرف سے دائر دو درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پی پی 162 شیخوپورہ میں ضمنی الیکشن ہو رہے ہیں جس میں مسلم لیگ ن کی طرف سے حسن ریاض الیکشن لڑ رہے ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین، ایم این اے رانا افضل اور دیگر اراکین اسمبلی انتخابی مہم پر اثر انداز ہو رہے ہیں جبکہ متعلقہ حلقہ کیلئے دس کروڑ کے ترقیاتی فنڈز بھی جاری کئے گئے ہیں۔ عدالت نے درخواستوں کو ابتدائی سماعت پر ہی خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ درخواست گزار کو پہلے الیکشن کمشن سے رجوع کرنا چاہئے۔