ٹریفک حادثات: ہری پور میں9 افراد، ٹوبہ، چناب نگر اور میانوالی میں8 جاں بحق
لاہور + ہری پور (نامہ نگاران+ نیوز ایجنسیاں) ٹریفک حادثات، ہری پور میں 5خواتین سمیت 9افراد، ٹوبہ، چناب نگر اور میانوالی میں 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ہری پور میں تھانہ کوٹ نجیب اللہ کی حدود میں جی ٹی روڈ ویدن کے مقام پر ٹرک دو کاروں پر چڑھ گیا اور خوفناک تصادم میں 5 خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ تین شدید زخمی ہوگئے۔ حادثہ 2 کاروں کے اوور ٹیک کرنے اور ٹرک کی ٹکر سے پیش آیا۔ ٹرک ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہوگیا۔ دونوں کاریں تباہ، جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاندان افغانی تھا جبکہ دوسری گاڑی میں راولپنڈی کا رہائشی خاندان ہری پور محلہ سوہا میں رشتہ داروں کو ملنے آ رہا تھا حادثہ کا شکار ہوگیا ہسپتال میں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ماں بیٹا اور دو بھائی بھی شامل، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے۔ تھانہ کوٹ نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔کاریں پچک گئیں تھیں انہیں کاٹ کر نعشوں اور زخمیوں کو نکالا گیا۔ ٹرک ڈرائیور فرار۔ صدر، وزیر اعظم میاں نوازشریف ، گورنر کے پی کے سردار مہتاب خان نے ٹریفک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ لاہور سے خصوصی رپورٹرکے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ہری پور کے قریب ٹریفک حادثے میںقیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے حادثے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔ علاوہ ازیں نامہ نگاران کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ میں موٹر سائیکل سواروں کو بچاتے ہوئے اے سی کوچ الٹ گئی، باپ بیٹے سمیت تین افراد جاں بحق ،17شدید زخمی ہوگئے۔ اے سی کوچ نمبر بی ایس اے 788 فیصل آباد سے ملتان جارہی تھی نواحی چک نمبر 323ج ب (ترانڈی) کے قریب موٹر سائیکل کو بچاتے ہوئے الٹ گئی جس کے نتیجہ میں موٹر سائیکل سوار چک نمبر 322ج ب (شہزادہ) کے رہائشی باپ بیٹا زوہیب فیاض اور محمد فیاض اور چک نمبر 151گ ب کا مقبول ولد سردار علی موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 17مسافر شاہد، ماجد، ممتاز، رضوان، عمران، مقصود، رمضان، خوشی محمد، عامر، شاہد، بشیر، تسلیم، رفیق اور عرفان وغیرہ شدید زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو نے فوری طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچایا۔ چناب نگر میں ملت ایکسپریس اور موٹر سائیکل کے تصادم سے تین افراد جاں بحق ہوگئے موضع کانواں والا کے پچپن سالہ محمد اشرف ولد شیر محمد، بیالیس سالہ فلک شیر ولد محمدحیات اور تینتیس سالہ محمد نواز ولد احمد یار ایک موٹر سائیکل پر سوار ہوکر کوٹ اسماعیل کا کھلا ریلوے پھاٹک کراس کر رہے تھے اچانک سرگودہا سے کراچی جانے والی ملت ایکسپریس آگئی جس کی زد میں آکر تینوں موٹر سائیکل سوار موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ میانوالی میں موسیٰ خیل چھدرو روڈ پر ٹریفک حادثہ میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ واں بھچراں میں تعینات اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر حاجی محمد اسلم خان موٹر سائیکل پر سوار ہوکر چھدرو موسیٰ خیل روڈ پر جارہا تھا سامنے سے آتے ہوئے تیز رفتار ٹریلر کے ڈرائیور نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر ماری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا اکبر نامی شخص بھی شدید زخمی ہوکر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔