• news

تیل کی قیمت میں اضافہ کے بعد صارفین پر چارجز بڑھانا درست نہیں: اسحاق ڈار

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے  عام آدمی کو مسابقت کے قانون کا فائدہ ہونا چاہئے۔ وزیر خزانہ نے یہ بات ایک اجلاس میں کہی۔ جس میں مسابقت کمشن کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، مسابقت کمشن کے چیئرمین ڈاکٹر جوزف ولسن نے وزیر خزانہ کو کمشن کی کارکردگی بارے میں بتایا۔ انہوں نے مختلف سیکٹرز کے بارے میں کی جانے والی تحقیقات اور مسابقت کے منافی سرگرمیوں کو روکنے کے اقدامات کے بارے میں بتایا۔ وزیر خزانہ نے کہا جب بھی کسی چیز خصوصاً تیل کی قیمت بڑھتی ہے تو صارفین پر اضافی چارجز ڈال دئیے جاتے ہیں۔ یہ منفی طریقہ ہے اس کی روک تھام ہونا چاہئے۔ حکومت یہ جاننے میں دلچسپی رکھتی ہے مسابقت کمشن نے صارفین کے تحفظ کے مقاصد میں کامیاب ہوا ہے یا نہیں‘ مسابقت کمشن نے اگرچہ مختلف غلط طریقوں کو روکنے کیلئے ایکشن لیا تاہم بدقسمتی سے غلط کام کے کرتے دھرتا تادیبی کارروائی سے بچ جاتے ہیں۔چیئرمین سی سی پی نے کہا انسانی اور مالی وسائل کی کمی ہے۔وزیر خزانہ نے ہدایت کی اس سلسلے میں بھرتی اور سیلف فنانس کے بارے میں تجاویز دی جائیں۔ وزیر خزانہ نے آلو کاذکر کیا۔ حکومت نے اس کی درآمد پر تمام ٹیکس معاف کردئیے۔ اس کے باوجود آلو مہنگے داموں بکتا رہا ہے۔سی سی پی کو ایسے معاملات کی کڑی نگرانی کرنا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن