• news

کچھ عناصر ملک میں فساد پھیلانا چاہتے ہیں، قوم ان سے بچ کر رہے: صدر ممنون

پشاور (ثناء نیوز) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ کچھ عناصر ملک میں فساد پھیلانا چاہتے ہیں اس لیے قوم ان سے بچ کر رہے، ہمارا خطہ وسائل پر قبضے کی جنگ کا شکار ہوا، دہشت گردی کے باعث حالات کی خرابی کا  ذمہ دار پاکستان نہیں، بعض طاقتوں نے اپنے مقاصد کے لیے خطے میں خونریزی کو فروغ دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پیر کے روز ایک تقریب سے خطاب میں انہوں  نے کہا کہ پاکستانی عوام دہشت گردی سے نفرت کرتے ہیں اور شکست دینے میں کامیاب ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی تاجر وصنعت کار منفی پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں اور اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کریں۔ صدر مملکت کا کہنا تھا قوم ہر اس کردار وگروہ کو مسترد کر دے جو اقتصادی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ مسائل کا حل آئین میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تاجروں کیلئے صنعتی پیکیج کا اعلان کیا جائے گا، آئندہ 4 سال میں 22 ہزار میگا واٹ بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ حالیہ واقعات کے باعث معیشت عدم استحکام کا شکار ہے۔ دریں اثنا خیبر پی کے چیمبر آف کامرس کے بزنس مین ایکسی لینس ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہر شخص اپنی ذمہ داری پوری کرے اور دوسروں کے کام میں مداخلت نہ کرے۔ اختلافات کو سڑکوں پر لائیں گے تو دنیا کے سامنے تماشا بن جائیں گے۔ دہشت گردی پاکستانی قوم کو کبھی شکست نہیں دے سکتی۔ غیرملکی تاجر و صنعتکار منفی پروپیگنڈہ کا شکار نہ ہو اور پورے اعتماد کے ساتھ خیبر پی کے میں سرمایہ کاری کریں۔ ہم سب کی ذمہ داری اور فرض ہے کہ آئی ڈی پیز کا بھرپور خیال رکھیں۔ اگلے چند برسوں میں پاکستان عالمی تجارت کا مرکز بن جائے گا۔ کے پی کے میں گیس کے صنعتی کنکشن دینے کا معاملہ آئندہ دو سے تین ماہ میں حل ہو جائے گا۔ بہترین اقتصادی پالیسیوں کے ذریعے جلد ہی ڈالر کی قیمت میں مزید کمی کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن