ترکی نے شام سے ایک لاکھ کرد پناہ گزینوں کی آمد کے بعد سرحد بند کر دی
انقرہ (اے پی پی) ترکی نے شام سے دو دن میں ایک لاکھ کرد پناہ گزینوں کی آمد کے بعد اپنی سرحد کے متعدد داخلی مقامات بند کر دیے ہیں۔یہ فیصلہ پیرکو کرد مظاہرین اور ترک سکیورٹی فورسز کے مابین جھڑپوں کے بعد کیا گیا ہے۔اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزیناں کے اہلکار نے بتایا ہے کہ دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کی شام کے شمالی علاقوں میں پیش رفت کے سبب جمعے سے اتوار کی شب تک ایک لاکھ شامی پناہ گزین سرحد عبور کر کے ترکی میں داخل ہوئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ ان میں سے زیادہ تر کرد نسل سے تعلق رکھنے والے افراد ہیں اور ان کا تعلق کوبانی نامی قصبے سے ہے جہاں دولتِ اسلامیہ کے جنگجوؤں کی کارروائی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔