• news

15دسمبر سے سی این جی سیکٹر، صنعتوں کی گیس سپلائی بند کر دینگے: شاہد خاقان

 اسلام آباد (خبرنگار)  وزیر پٹرولیم وقدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ 15دسمبر سے سی این جی اور صنعتوں کو گیس کی سپلائی بند کردی جائے گی، گھریلو صارفین کو گیس کی سپلائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، سی این جی اور صنعتی صارفین پر گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سرچارج کے نفاذ کے لئے آرڈیننس جاری کیا جائے گا، ایران پاکستان گیس منصوبے پر پابندیوں کی وجہ سے کام آگے نہیں بڑھایا جاسکتا، گیس کی ضروریات پوری کرنے کے لئے متبادل منصوبہ لانے پر غور کیا جا رہا ہے، اسلام آباد میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سردیوں سے قبل ایل این جی منصوبے کے تحت اگر گیس نہ آئی تو موسم سرما میں سی این جی اور صعنتوں کو گیس نہیں ملے گی، گیس کی قیمتوں میں ردوبدل کریں گے لیکن عام آدمی پر بوجھ نہیں پڑے گا۔ وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سرچارج کی وصولی عدالت نے روک دی ہے، عدالتی حکم کے خلاف  سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی ہے، سپریم کورٹ سے ریلیف نہ ملا تو بل کی صورت میں پارلیمنٹ جائیں گے۔ گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سرچارج  کی مد میں 84 ارب روپے وصول ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن کی جگہ متبادل منصوبہ لانے پر غور کیا جارہا ہے، متبادل منصوبے کی تجویز ای سی سی میں پیش کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کیلئے قیمتوں کو ریگولیٹ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے، تاہم ڈالر کی قدر بڑھنے سے مطلوبہ ریلیف صارفین کو نہیں مل سکے گا۔

ای پیپر-دی نیشن