لاہور چیمبر ایسوسی ایٹ کلاس کے انتخابات میں بھی پیاف فاﺅنڈرز الائنس کامیاب
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور ایوانِ صنعت و تجارت کے ایسوسی ایٹ کلاس کے انتخابات برائے2014-15میں پیاف فاﺅنڈرز الائنس نے آٹھ سیٹوں پربھی کلین سویپ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے۔ 6556 میں سے 2579 ممبران نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا جن میں سے 41 ووٹ تکنیکی بنیادوں پر مسترد کر دئیے گئے۔ پیاف فاﺅنڈرز الائنس نے 1144پینل ووٹ حاصل کئے، پروگریسوکسٹمز گروپ کو687جبکہ آزاد گروپ کو94پینل ووٹ ملے۔ کامیاب ہونے والوں میں ناصر سعید، محمود غزنوی، خرم لودھی، عدیل اشفاق، رضوان اختر، اسد نور پگانوالہ، وقار احمد، شیخ محمد فیاض شامل ہیں۔ انفرادی طور پر پیاف خواتین کے لیے مختص ایک نشست پر تنزیلہ یوسف کامیاب ہوئی ہیں۔ پیاف فاﺅنڈرز الائنس کے رہنماﺅں افتخار علی ملک، میاں محمد اشرف، شیخ محمد آصف اور شیخ محمد ارشد نے ووٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدور کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا حسبِ سابق آئندہ بھی لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران کو درپیش مسائل حل کرانے کے لیے ہرممکن کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا صنعتی شعبے کوتوانائی کے بحران اور زیادہ پیداواری لاگت کی صورت میں بڑا مسئلہ درپیش ہے جسے حل کرانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی جبکہ حکومت سے گذارش کی جائے گی بیوروکریٹک گورننس بہتر کرے۔ عہدیداروں کا انتخاب 28ستمبر کو عمل میں آئے گا جبکہ حتمی نتائج تیس ستمبر کو سالانہ اجلاس عام میں جاری کیے جائیں گے۔ نئے عہدیدار یکم اکتوبر سے چارج سنبھال لیں گے۔