• news

سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی درست ایف آئی آر آرمی چیف کے حکم پر درج ہو ئی: طاہر القادری

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ ایجنسیاں) طاہر القادری نے دعویٰ کیا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی درست ایف آئی آر آرمی چیف کے حکم پر درج ہوئی ہے، عمران خان سے لندن میں ہونے والی ملاقات کا فوج یا آئی ایس آئی سے کوئی تعلق نہیں، اتفاقیہ ملاقات میں کوئی پلان یا سازش تیار نہیں کی گئی، حکومت نے اپنی صفوں میں بغاوت کو روکنے کیلئے سرکاری ملازمتوں سے پابندی ہٹائی، اب بھی غریبوں کو نہیں ایم این ایز اور ایم پی ایز کو نوکریاں ملیں گی، نواز شریف کا امریکہ میں گو نواز گو کے نعروں سے استقبال ہوگا۔ دھرنے کے شرکاءسے خطاب اور نجی ٹی وی سے گفتگو میں طاہر القادری نے کہا کہ پنجاب حکومت سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی ایف آئی آر درج کرنے کیلئے کسی طور تیار نہیں تھی۔ حکومت نے ہمارے گرفتار کارکنوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ رہائی کے بعد کارکن پھر دھرنے میں پہنچے ہیں۔ عوامی تحریک کے کارکنوں کے جذبے کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ حکمرانوں کے مظالم نے انقلاب کو قوم کا مقدر بنا دیا ہے۔ زندگی بھیک سے نہیں آگے بڑھ کر چھیننے سے ملتی ہے۔ امریکہ میں عوامی تحریک کے کارکن باہر نکلیں ائرپورٹ اور جنرل اسمبلی کے علاقوں کو بھر دیں۔ نواز شریف کے اقتدار کے خاتمے تک گو نواز گو کا نعرہ زور و شور سے گونجتا رہے گا۔ بچے بچے کی زبان پر گو نواز گو کا نعرہ ہے، خواتین، بچے، بوڑھے اور نوجوان سب انقلاب کیلئے کھڑے ہو گئے ہیں۔ میں قوم کو طاقتوروں کے سامنے سر اٹھانے کا طریقہ بتا رہا ہوں۔ حکمران اور اپوزیشن سب بھیڑیئے ہیں اور میں صرف عوام کو آئین پڑھا کر اپنا حق چھیننے کا طریقہ بتا رہا ہوں۔ حکمران جتنا بھی ظلم کر لیں، ان کے دن گنے جا چکے ہیں۔ شہباز شریف نے جوڈیشل کمیشن کی انکوائری کے بعد انگلی اٹھنے پرعہدے سے سبکدوش ہونے کا کہا تھا، کمیشن نے یکطرفہ کارروائی میں نہ صرف انگلی اٹھائی بلکہ پورا پنجہ ان کے سر پر رکھ دیا لیکن شہباز شریف اپنے عہدے پر براجمان ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن