• news

پولیو سے متاثرہ ہر 10 میں سے9 بچے پاکستان میں ہیں: ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پولیو کی روک تھام کے حوالے سے اقوام متحدہ میں رپورٹ پیش کردی گئی۔ اس رپورٹ کے مطابق ڈی جی ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن و ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے پوری دنیا میں ہر 10 میں سے 9 پولیو کا شکار بچے پاکستان میں ہیں۔ پولیو کی وبا پورے پاکستان میں پھیلی ہوئی ہے۔ رواں سال پوری دنیا کے 178 کیسز میں سے 166 پاکستان میں ہیں۔ پولیو کے خاتمے میں سب سے بڑی رکاوٹ پاکستان ہے تاہم ایک سال میں انسداد پولیو مہم کے ذریعے کامیابیاں حاصل کیں۔ وزیرستان کے لاکھوں بچوں کو اس بار پولیو کے قطرے پلائے گئے۔ انسداد پولیو کیلئے پاکستان نے بھرپور ہنگامی حالت نافذ کررکھی ہے۔ علاوہ ازیں ذرائع قومی ادارہ صحت کے مطابق ایک دن میں پولیو کے 5 نئے کیسز سامنے آگئے۔ کراچی، کوئٹہ، ٹانک، ازمک اور خیبر ایجنسی میں پولیو کے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 171 ہوگئی ہے۔ این این آئی کے مطابق پشاور میں ایک اور بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہونے سے شہرمیں پولیو کیسز کی تعداد 9 اور صوبہ خیبر پی کے میں 28 ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وائر س سے متاثرہ آٹھ ماہ کی بچی حبیبہ کا تعلق پشاور کے مضافاتی علاقے سلمان خیل سے ہیں۔حکام کے مطابق والدین نے پولیو مہم کے دوران اپنی بچی کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کردیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن