نواز شریف‘ پیوٹن ملاقات آئندہ سال شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں متوقع ہے: روسی سفیر
اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں روس کے سفیر ویدون نے کہا ہے وزیراعظم نواز شریف اور روس کے صدر پیوٹن کی دوشنبے میں ون آن ون ملاقات طے تھی لیکن بدقسمتی سے وزیراعظم نواز شریف دوشنبے میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت نہ کر سکے۔سعودی عرب کے قومی دن کے استقبالیہ میں نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے روس کے سفیر نے کہا توقع ہے وزیراعظم نواز شریف اور صدر پیوٹن کی ملاقات اگلے سال شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں ہو گی۔ یہ اجلاس روس میں منعقد ہو گا۔ روسی سفیر نے کہا روس کی بحریہ کے سربراہ کا حالیہ دورہ پاکستان بڑی اہمیت کا حامل تھا۔ اس دورے میں پاکستان اور روس کی بحری قوتوں میں تعاون مستحکم ہو گا۔ روسی سفیر سے پوچھا گیا پاکستان نے روس سے ایم آئی 35 قسم کے ہیلی کاپٹر خریدنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ یہ ہیلی کاپٹرز کب پاکستان کو ملیں گے تو روسی سفیر نے بتایا بات چیت جاری ہے جلد ہی یہ ہیلی کاپٹرز پاکستان کو مل جائیں گے۔ روسی سفیر نے بتایا پاکستان اور روس کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس جلد متوقع ہے۔