کبڈی کھلاڑی بابر وسیم گجر زخمی 2 ہفتے تک نہیں کھیل سکیں گے
لاہور(نمائندہ سپورٹس)سپورٹس بورڈ پنجاب کی کبڈی ٹیم لاہور لائنز کے کپتان بابر وسیم گجرٹخنے کی انجری کے باعث دو ہفتے تک نہیں کھیل سکیں گے۔ ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیا ہے، بابر وسیم گجر کیلیفورنیا ایگلز کیخلاف ریڈ ڈالتے ہوئے ٹخنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کی وجہ سے وہ وینکوور لائنز کیخلاف چوتھے راﺅنڈ کا آخری میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابروسیم گجر نے کہاکہ وہ تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں اور کینیڈا میں ہونیوالے ورلڈکبڈی لیگ کے پانچویں راﺅنڈ کیلئے دستیاب ہونگے۔ بابر وسیم گجر نے کہاکہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم لاہور لائنز کی کارکردگی اب تک شاندار رہی ہے اور یقین ہے کہ لاہور لائنز ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں بابر گجر نے کہاکہ پنجاب سٹیڈیم میں شروع ہونیوالے تربیتی کیمپ سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے جو آگے چل کر قومی ٹیم کیلئے کامیابیاں حاصل کر سکیں گے، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور کی سرپرستی میں کبڈی کو جو فروغ مل رہا ہے وہ خوش آئندہ ہے۔