پاکستان کی جونیئرفٹبال ٹیم کی نمائندگی کرنا دیرینہ خواب ہے: سید علی گیلانی
اسلام آباد (محمد فہیم انور سے) پاکستان نژاد فرانسیسی طالب علم سید علی گیلانی کا کہنا ہے کہ خواہش ہے کہ پاکستان فٹبال ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرے۔ ’نوائے وقت ہا¶س“ میں انٹرویو دیتے ہوئے 19 سالہ علی گیلانی نے کہا کہ خواہش ہے کہ فرانس اورپاکستان کی جونیئر ٹیم کی بھی نمائندگی کروں۔ان کو اردو اور انگریزی پر عبور نہیں انہوں نے انٹرویو اپنے چچا سید ابرار گیلانی کی مدد سے دیا۔ نیمار‘ رونالڈو‘ میسی‘ بینجما اور سویڈن کے ابراہیم ووک ان کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔ چند ماہ قبل برازیل میں منعقدہ ورلڈ کپ فٹبال میں جرمنی ان کی پسندیدہ ٹیم تھی۔ تاہم یورپیئن لیگ میں وہ بارسلونا کلب کو سب سے زیادہ پسند کرتے ہیں۔ سید علی گیلانی دو بہن بھائی ہیں ان کی بڑی بہن ڈاکٹر ہیں۔ فرانسیسی کھانوں کے ساتھ ساتھ پاکستان کے چٹ پٹے کھانے بالخصوص بریانی‘ کڑاہی گوشت اور رول پراٹھے شوق سے کھاتے ہیں۔ علی نے بتایا کہ میرے والد محترم سید ذوالفقار علی گیلانی بہت مذہبی ہیں۔ انہوں نے ہمیں اسلامی تربیت دی اور اپنے ایک اور پاکستانی دوست کی مدد سے علاقے میں مسجد بھی تعمیر کی۔ گھر سے قریب ہونے کے باعث میں اپنے والد کے ہمراہ مسجد میں جا کر باجماعت نماز ادا کرتا ہوں۔ علی نے بتایا کہ پاکستان بالخصوص اسلام آباد ایک خوبصورت شہر ہے جب بھی پاکستان آتا ہوں دامن کوہ اور پیر سوہاوہ ضرور جاتا ہوں اس بار پاکستان سپورٹس کمپلیکس جناح سٹیڈیم میں پاکستان پرٹمیئر لیگ کے میچز بھی دیکھے پاکستان میں فٹبال کا معیار بہت بہتر ہو رہا ہے اگر پاکستانی ٹیم کے پاس اچھے کوچز مل جائیں تو ہماری ٹیم کی عالمی رینکنگ بہت بہتر ہو سکتی ہے۔ علی گیلانی کا کہنا تھا کہ میں اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر اور اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر فضل الرحمنٰ کا خاص طور پر مشکور ہوں جنہوں نے پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں نہ صرف مجھے خوش آمدید کہا بلکہ رہنمائی کرتے ہوئے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے اعلیٰ حکام سے بھی ملوانے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے مجھے اسلام آباد فٹبال اکیڈیمی میں جونیئر کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے اور وقت گزارنے کی بھی دعوت دی۔ مجھے اس دن کا بھی انتظار ہے جب میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کروں۔