ایشین گیمز : پاکستان نے پہلا تمغہ جیت لیا‘ سکواش میں قومی ٹیم نے قطر کو ہرا دیا
انچیون(چودھری اشرف/ سپورٹس رپورٹر) 17 ایشین گیمز میں پاکستان کے مراتب علی شاہ نے ملک کے لئے پہلا میڈل حاصل کر لیا، ووشو کے 70 کلو گرام کلاس کے سیمی فائنل میں پاکستانی کھلاڑی مراتب علی شاہ کو چین کے کھلاڑی زانگ کون سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سکواش کے ٹیم ایونٹ کے پہلے میچ میں پاکستان نے قطر کو تین صفر سے مات دیکر اگلے راونڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ ٹیم ایونٹ کے اس میچ میں پاکستان کے دانش اطلس نے قطر کے عبدالوہاب کو تین صفر سے 11-3 ، 11-2 اور 11-0 سے ہرایا۔ دوسرے میچ میں ناصر اقبال نے عبداﷲ محمد کے خلاف تین صفر سے کامیابی اپنے نام کی۔ ناصر اقبال کی کامیابی کا سکور 11-3، 11-3 اور 11-7 رہا۔ تیسرے میچ فرحان زمان نے صدام کو تین صفر سے زیر کیا ان کی کامیابی کا سکور 11-8، 11-2 اور 11-8 رہا۔ گذشتہ روز ہونے والے دیگر مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی کا سلسلہ بدستور جاری، سوئمنگ، شوٹنگ، والی بال میں قومی کھلاڑی توقعات پر پورا نہ اتر سکے۔ سوئمنگ کے اوینٹ میں پاکستان کی اریبہ شیخ نے 50 میٹر بیک سٹروک کی ہیٹ 2 میں شریک ہوئیں چھ سوئمرز میں پانچویں نمبر پر رہیں۔ اریبہ شیخ کی ٹائمنگ 35.06 سیکنڈ رہی جبکہ قزاقستان کی خاتون سوئمر نے مقررہ فاصلہ 28.27 سیکنڈ میں پورا کر کے اول پوزیشن اپنے نام کی۔ مردوں پاکستان کے محمد سعد نے 50 میٹر فری سٹائل مقابلے کی ہیٹ تھری میں چھٹی پوزیشن حاصل کی اس ہیٹ میں 8 تراک شریک تھے۔ سعد کی ٹائمنگ 26.20 سیکنڈ رہی۔ پاکستان کی سوہا سنجرانی نے 100 میٹر بٹر فلائی میں نمائندگی کرنی تھی لیکن وہ شریک نہیں ہوئیں۔ شوٹنگ ایونٹ میں بھی پاکستانی کھلاڑی کوالیفائنگ راونڈ سے آگے نہ جا سکے۔ 10 میٹر ائر رائفل میں ضعیم الفرید 53 میں سے 48 ویں نمبر پر رہے اس ایونٹ میں پاکستان کے محمد صدیق عمر بھی ایکشن میں دکھائی دیئے ان کی 43 ویں پوزیشن رہی۔ 25 میٹر ریپڈ فائر میں غلام مصطفٰی بشیر نے پاکستان کی نمائندگی کی ان کی 24 میں سے 17ویں پوزیشن آئی۔ والی بال میں پاکستان ٹیم اپنے افتتاحی میچ میں جاپان کے ہاتھوں تین صفر سے ہار گئی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ایک گھنٹہ 17 منٹ تک میچ کھیلا گیا۔ بیس بال کے ایونٹ میں بھی جاپان نے پاکستان کو 9-1 سکور سے ہرا دیا۔ پاکستان ٹیم نے پہلی ہی اننگز میں سکور کر کے برتری حاصل کی تاہم اگلی اننگز میں جاپان کی ٹیم نے کم بیک کرتے ہوئے میچ میں اپنی گرفت مضبوط کرتے ہوئے مقابلہ اپنے نام کر لیا۔ پاکستان بیس بال ٹیم کے کوچ مصدق حنیف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ جاپان کی ٹیم ورلڈ نمبر دو ہے اس کے ساتھ ہمارے کھلاڑیوں نے اچھا مقابلہ کرنے کی کوشش کی۔ پاکستان ٹیم کا اگلا مقابلہ منگولیا کیساتھ ہے جس میں پاکستان ٹیم کی جیت کے امکانات روشن ہیں۔ہمارا ہدف چین اور منگولیا کی ٹیمیں ہیں جن کے خلاف کامیابی حاصل کر کے ہم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرینگے۔