• news

میثاق جمہوریت اصل ’’لندن پلان‘‘ ہے‘ زرداری‘ نوازنے بازیاں لینے کا مک مکا کیا: عمران

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف کے استعفے کے بغیر نہیں جانا جو مرضی ہو جائے اس لئے نہیں کہ وزیراعظم بننا چاہتا ہوں، پاکستان کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا گیا ایک طرف باہمت نوجوان ہیں اور دوسری طرف حکمران ہیں۔ نئے پاکستان میں 11 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالنا ہو گا۔ میں نے کسی صورت ہار نہیں ماننی۔ زرداری اور نواز شریف کا مک مکا ہے۔ زرداری نواز شریف 30 سال سے مل کر ملک کو لوٹ رہے ہیں۔ زرداری نواز شریف اوپر سے لڑائی اور اندر سے بھائی بھائی ہیں۔ کل اسلام آباد کا سب سے بڑا عوامی سمندر ہو گا۔ آزادی چوک پر بھی بڑا دھرنا ہو گا۔ جمعہ کو دھرنے کا عالمی ریکارڈ بنے گا۔ پلان لندن میں نہیں 18 سال پہلے بنایا۔43 دن دھرنے کا پلان کوئی احمق ہی بنا سکتا ہے۔ ایک ہی گیند میں نواز اور زرداری کی وکٹیں گراؤں گا۔ پلان صرف ایک ہے اور وہ ہے باریاں لینے والوں کو شکست دینا۔ میثاق جمہوریت اصل لندن پلان ہے۔ میثاق جمہوریت باریاں لینے کیلئے تھا۔ نواز زرداری کے لندن پلان میں مک مکا ہوا۔ لندن میں پلان کا دوسرا حصہ تھا الیکشن میں دھاندلی کی جائے گی۔ آصف زرداری مانتے ہیں یہ آر اوز کا الیکشن تھا۔ پیپلزپارٹی نے سندھ میں دھاندلی کی، عبوری حکومت دونوں نے مشورہ کرکے بنائی۔ نئے پاکستان میں پولیس اور جج کو زیادہ تنخواہیں دی جائیں گی۔ گلو بٹ بھرتی نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان کو فلاحی ریاست بنایا جائیگا۔ لاہوریو! تیار ہو جاؤ اتوار کو آ رہا ہوں، گھر بیٹھ کر رونے سے کچھ نہیں ملتا۔  ایک کرپٹ دوسرے کرپٹ کا احتساب نہیں کر سکتا، خورشید شاہ پر نیب کے دو اور نوازشریف پر 60کیسز ہیں، جتنی دھاندلی مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں کی اتنی ہی دھاندلی پیپلزپارٹی نے سندھ میں کی، جو مرضی ہو جائے نوازشریف کا استعفیٰ لے کر ہی جائوں گا۔

ای پیپر-دی نیشن