• news

ظفر گوندل کی گرفتاری کے بعد بعض پی پی رہنماؤں کا پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ

اسلام آباد (سجاد ترین/ خبر نگار خصوصی) ای او بی آئی سکینڈل میں ملوث سابق چیئرمین ظفر اقبال گوندل کی گرفتاری کے بعد پیپلز پارٹی پنجاب سے تعلق رکھنے والے بعض رہنما پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کر چکے ہیں، چند ہفتوں میں باقاعدہ اعلان کر دیا جائیگا۔ انتہائی باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ رات وفاقی دارالحکومت کے علاقہ ایف سکس میں ایک گھر پر پیپلز پارٹی پنجاب سے تعلق رکھنے والے چھ رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں پارٹی قیادت کی پالیسیوں سے مایوس ہو کر ان رہنماؤں نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ان رہنماؤں کے اجلاس میں ای او بی آئی کے سابق چیئرمین ظفر اقبال گوندل کی گرفتاری کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اجلاس میں شامل ظفر اقبال گوندل کے قریبی عزیز نے موقف اختیار کیا کہ حکومت ہمارے رشتہ داروں کے خلاف انتقامی کارروائی کر رہی ہے اور ہماری پارٹی قیادت حکومت سے مفاہمت کی پالیسی اختیار کر رہی ہے جس سے پارٹی کارکنوں میں مایوسی پائی جا رہی ہے۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے چھ اہم رہنماؤں نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن