شاہ محمود‘ شیخ رشید سمیت 209 ارکان پارلیمنٹ نے اثاثوں کی تفصیلات دیدیں’ عمران‘ نثار اور دیگر جمع کرانے میں ناکام
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی اور شیخ رشید سمیت 209 ارکان پارلیمنٹ نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمشن میں جمع کرا دی ہیں۔ الیکشن کمشن کے مطابق 1174 میں سے 209 ارکان پارلیمان، صوبائی اسمبلیوں نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرا دی ہیں۔ ارکان کو 30 ستمبر تک اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، وزیر داخلہ چودھری نثار سمیت اہم شخصیات نے ابھی تک اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں ، صرف وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائی ہیں۔ الیکشن کمشن کے مطابق قومی اسمبلی کے 75، سینٹ کے 29 ارکان نے تاحال تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔ پنجاب کے 38، سندھ کے 42، خیبر پی کے کے 19 اور بلوچستان اسمبلی کے 6 ارکان نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائی ہیں۔ الیکشن کمشن نے واضح کیا ہے کہ اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت 15 اکتوبر کو معطل کردی جائے گی۔تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی نے الیکشن کمشن میںاثاثوں کی تفصیلات جمع کروا کر اپنی رکنیت کو معطل ہونے سے بچا لیا۔مبصرین شاہ محمود قریشی اور شیخ رشید کی طرف سے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کو انتہائی اہم پیشرفت قرار دے رہے ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اپنی اسمبلی رکنیت بچانے کیلئے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائی گئیں۔