قومی پیسے سے عیاشیاں ہو رہی ہیں‘ وزیراعظم 8 لاکھ روپے یومیہ والے امریکی ہوٹل میں ٹھہرے: طاہر القادری
اسلام آباد (وقت نیوز + ایجنسیاں) طاہر القادری نے دھرنے سے خطاب میں کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف امریکہ میں یومیہ 8 لاکھ روپے والے ہوٹل میں ٹھہرے۔ وزیراعظم کسی پاکستانی ہوٹل میں نہیں ٹھہرے۔ امریکی صدر بارک اوباما بھی اسی ہوٹل میں ٹھہرے ہیں۔ نواز شریف دور سے ہی امریکی صدر کو دیکھ لیتے ہیں۔ امریکی صدر اوباما نے نوازشریف کو وقت ہی نہیں دیا۔ نوازشریف نے سوچا لفٹ میں اوباما سے ملاقات ہوجائے گی۔ وزیراعظم سے لے کر سپاہی تک ہر شخص کرپشن کا افیون زدہ ہے۔ مارچ کے شرکاء کو کھانا دینے سے روکا جارہا ہے۔ کرپشن دور دور تک پھیلی ہوئی ہے۔ فنڈز لینے اور کرپشن پر سزائے موت کا قانون بنایا جائے۔ کہا جارہا ہے کہ ہمارے پیچھے سی آئی اے، ایم آئی کا ہاتھ ہے اگر حکمرانوں میں غیرت ہے تو ان ممالک کے سفیروں کو طلب کرلیں۔ الزام لگانے والے چھپ کر بات کرنے کی بجائے سامنے آئیں۔ دھرنے سے کسی بھی ایجنسی کا تعلق ثابت ہوجائے تو سزائے موت قبول کروں گا اگر حکمران جھوٹے ثابت ہوئے تو عوام 80 کوڑوں کی سزا دیں۔ قوم کا پیسہ عوام اور تعلیم پر خرچ کرنے کی بجائے عیاشیوں پر صرف کیا جارہاہے، نوازشریف کہتے ہیں معلوم نہیں دھرنا والے کیا چاہتے ہیں، وزیراعظم بتائیں ایسا کیا کریں کہ آپ کو سمجھ آجائے، ہم ملک میں مساوی قانون، حقوق چاہتے ہیں، چاہتے ہیں ہر گائوں میں سکول ہو اور ہر شخص کو باعزت روزگار ملے، موجودہ جمہوریت وڈیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کیلئے ہے، موجودہ نظام میں کوئی صحیح معنوں میں غریب کا نمائندہ ایوان اقتدار تک نہیں پہنچ سکتا، عوام کو اپنے پیٹ کی فکر ہے، بھارت، نیپال، سری لنکا اور بنگلہ دیش سے کئی گنا زائد یہاں بے روزگاری ہے، حکمران جھوٹے اعدادو شمار سے قوم کو گمراہ کرتے ہیں۔