نوجوان افسر سرحدوں کے ساتھ آئین کا بھی تحفظ کریں: ائرچیف
رسالپور+لاہور (ایجنسیاں+خبر نگار) ایئرچیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے کہا ہے کہ جدید ساز و سامان سے لیس پاک فضائیہ ملک کی حفاظت کے لئے تیار ہے، آپریشن ضرب عضب میں ہراول دستے کا کردار ادا کرکے پاک فضائیہ ملک دشمن عناصر پر کاری ضرب لگا رہی ہے، قدرتی آفات میں آگے بڑھ کر خدمات انجام دیں، سیلاب متاثرین اور آئی ڈی پیز کی مدد میں فضائیہ قومی کاوشوں میں شریک ہے، کمشن حاصل کرنے والے کیڈٹس کے کاندھوں پر بڑی ذمہ داری آگئی، فضائی قوت کو مستقبل کی جنگوں میں اہمیت حاصل ہو رہی ہے، موجودہ دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی میں مہارت ضروری ہے، انہیں اس شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے حصول کا موقع فراہم ہو گا، انہیں بہادری اور آگے بڑھنے کا نیا باب شروع کرنا ہے، ان کے پیشے میں بہترین سے کم پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، نوجوان افسر ملک کی سرحدوں کے ساتھ آئین کا بھی تحفظ کریں، پاک فضائیہ کی تاریخ بے مثال قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ وہ بدھ کو پاکستان ایئر فورس اکیڈمی رسالپور میں 132ویں جی ڈی پائلٹ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ایئرچیف طاہر رفیق بٹ نے گریجوایشن کرنے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی اور ان میں انعامات تقسیم کئے۔