• news

مسلم لیگ ن نے عمران، طاہرالقادری کو ’ہدف‘ بنانے کا فیصلہ کر لیا

اسلام آباد (محمد نواز رضا، وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے شاہراہ دستور پر دھرنے کے دباﺅ سے نکلنے کے بعد تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی قیادت کو اپنا ہدف بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور دونوں جماعتوں کا سیاسی میدان میں مقابلہ کرنے کی حکمت عملی اختیار کر لی ہے۔ عمران خان کے دھاندلی کے الزامات کا مسلم لیگ (ن) کے الیکشن سیل کے حقائق نامہ میں دینے کے بعد ماروی میمن نے تبدیلی کے نام پر ایک بہت بڑا دھوکہ کے نام سے خیبر پی کے حکومت کی ناقص کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت، عمران خان کے بارے میں مزید قرطاس ابیض تیار کر رہی ہے اسی طرح طاہرالقادری کی ماضی، حال اور مستقبل کی سیاست پر وائٹ پیپر تیار کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی وزارت اطلاعات کو ہدایت کی ہے دھرنے میں عمران خان اور طاہرالقادری کے روزانہ لگائے جانے والے الزامات کا جارحانہ انداز میں جواب دیا جائے۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید کو تحریک انصاف اور عوامی تحریک کو سیاسی انداز میں جواب دینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے جارحانہ انداز میں جواب سے دونوں جماعتوں کی قیادت نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور آئندہ چند دنوں میں حکومت اور تحریک انصاف اور عوامی تحریک سے مذاکرات کی بحالی کا امکان نہیں۔
مسلم لیگ جارحانہ حکمت عملی

ای پیپر-دی نیشن