خیبر پی کے: آئی ڈی پیز کیلئے فی خاندان 5 ہزار کے عید پیکیج کا اعلان
پشاور (این این آئی) خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے ہنگو اور جلوزئی کے آئی ڈی پی کیمپوں میں مقیم تیراہ اور باڑہ سمیت خیبر ایجنسی کے آپریشن متاثرین کیلئے پانچ ہزار روپے فی خاندان عید پیکج کا اعلان کیا ہے۔ نیز انکی خوراک، صحت وصفائی اور بچوں کی تعلیم سے متعلق مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے اس کا اعلان انہوں نے خیبر ایجنسی کے آئی ڈی پیز کے 45 رکنی وفد سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ جس نے رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی کی زیر قیادت ان سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور انہیں مذکورہ دو کیمپوں میں مقیم تقریباً پانچ ہزار متاثرہ خاندانوں کی حالت زار سے آگاہ کیا جبکہ اس موقع پر صوبائی وزیر ضیاءاﷲ آفریدی، منصوبہ بندی و ترقیات کے پارلیمانی سیکرٹری میاں خلیق الرحمن، ایڈیشنل چیف سیکرٹری خالد پرویز، کمشنر پشاور منیر اعظم اور پی ڈی ایم اے کی ڈائریکٹر ریلیف عمارہ عامرکے علاوہ دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ فاٹا کے تمام باشندے ہمارے لئے یکساں اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خیبرایجنسی اور شمالی وزیرستان سمیت فاٹا کے تمام آئی ڈی پیز کو یقین دہانی اور خوشخبری دیتے ہیں کہ تمام قبائلی علاقوں میں پاک فوج کے تعاون سے پائیدار امن قائم ہو رہا ہے اور بہت جلد وہ اپنے گھروں کو لوٹ جائیں گے۔ پرویز خٹک نے جلوزئی کیمپ میں چند سال قبل دہشت گرد دھماکے میں بعض شہداءاور زخمیوں کو صوبائی حکومت کی طرف سے معاوضے کی رقم نہ ملنے سے متعلق شکایت پر کمشنر پشاور کو ہدایت کی کہ وہ متاثرین سے انکی لسٹ لیکر معاوضے کی جلد ازجلد ادائیگی بھی یقینی بنائے۔
پرویز خٹک